الاسراء آية ۵۳
وَقُلْ لِّعِبَادِىْ يَقُوْلُوا الَّتِىْ هِىَ اَحْسَنُۗ اِنَّ الشَّيْطٰنَ يَنْزَغُ بَيْنَهُمْۗ اِنَّ الشَّيْطٰنَ كَانَ لِلْاِنْسَانِ عَدُوًّا مُّبِيْنًا
طاہر القادری:
اور آپ میرے بندوں سے فرما دیں کہ وہ ایسی باتیں کیا کریں جو بہتر ہوں، بیشک شیطان لوگوں کے درمیان فساد بپا کرتا ہے، یقینا شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے،
English Sahih:
And tell My servants to say that which is best. Indeed, Satan induces [dissension] among them. Indeed Satan is ever, to mankind, a clear enemy.
1 Abul A'ala Maududi
اور اے محمدؐ، میرے بندوں سے کہہ دو کہ زبان سے وہ بات نکالا کریں جو بہترین ہو دراصل یہ شیطان ہے جو انسانوں کے درمیان فساد ڈلوانے کی کوشش کرتا ہے حقیقت یہ ہے کہ شیطان انسا ن کا کھلا دشمن ہے
2 Ahmed Raza Khan
اور میرے بندوں سے فرماؤ وہ بات کہیں جو سب سے اچھی ہو بیشک شیطان ان کے آپس میں فساد ڈالتا ہے، بیشک شیطان آدمی کا کھلا دشمن ہے،
3 Ahmed Ali
اور میرے بندوں سے کہہ دو کہ وہی بات کہیں جو بہتر ہو بےشک شیطان آپس میں لڑا دیتا ہے بے شک شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے
4 Ahsanul Bayan
اور میرے بندوں سے کہہ دیجئے کہ وہ بہت ہی اچھی بات منہ سے نکالا کریں (١) کیونکہ شیطان آپس میں فساد ڈلواتا ہے۔ (٢) بیشک شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے۔
٥٣۔١ یعنی آپس میں گفتگو کرتے وقت زبان کو احتیاط سے استعمال کریں، اچھے کلمات بولیں، اسی طرح کفار و مشرکین اور اہل کتاب سے اگر مخاطبت کی ضرورت پیش آئے تو ان سے مشفقانہ اور نرم لہجے میں گفتگو کریں۔
٥٣۔٢ زبان کی ذرا سی بے اعتدالی سے شیطان، جو تمہارا کھلا دشمن ہے، تمہارے درمیان آپس میں فساد ڈلوا سکتا ہے، یا کفار یا مشرکین کے دلوں میں تمہارے لئے زیادہ بغض و عناد پیدا کر سکتا ہے۔ حدیث میں ہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کی طرف ہتھیار کے ساتھ اشارہ نہ کرے اس لیے کہ وہ نہیں جانتا کہ شیطان شاید اس کے ہاتھ سے وہ ہتھیار چلوا دے اور وہ اس مسلمان بھائی کو جا لگے جس سے اس کی موت واقع ہو جائے پس وہ جہنم کے گڑھے میں جا گرے۔ صحیح بخاری
5 Fateh Muhammad Jalandhry
اور میرے بندوں سے کہہ دو کہ (لوگوں سے) ایسی باتیں کہا کریں جو بہت پسندیدہ ہوں۔ کیونکہ شیطان (بری باتوں سے) ان میں فساد ڈلوا دیتا ہے۔ کچھ شک نہیں کہ شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے
6 Muhammad Junagarhi
اور میرے بندوں سے کہہ دیجیئے کہ وه بہت ہی اچھی بات منھ سے نکالا کریں کیونکہ شیطان آپس میں فساد ڈلواتا ہے۔ بےشک شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
(اے رسول) میرے بندوں سے کہہ دو کہ وہ (لوگوں سے) ایسی بات کریں جو بہترین ہو۔ بے شک شیطان ان کے درمیان فساد ڈالتا ہے۔ یقیناً شیطان انسان کا کھلا ہوا دشمن ہے۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اور میرے بندوں سے کہہ دیجئے کہ صرف اچھی باتیں کیا کریں ورنہ شیطان یقینا ان کے درمیان فساد پیدا کرنا چاہے گا کہ شیطان انسان کا کِھلا ہوا دشمن ہے
9 Tafsir Jalalayn
اور میرے بندوں سے کہہ دو کہ (لوگوں سے) ایسی باتیں کہا کریں جو بہت پسندیدہ ہوں کیونکہ شیطان (بری باتوں سے) ان میں فساد ڈلوا دیتا ہے۔ کچھ شک نہیں کہ شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے۔
آیت نمبر 53 تا 60
ترجمہ : اور میرے مومن بندوں سے کہہ دو کہ کفار سے اچھی بات کہو بلاشبہ شیطان ان کے درمیان فساد ڈلواتا ہے، یقیناً شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے، یعنی اس کی عداوت بالکل ظاہر ہے، اور وہ کلمہ جو بہتر ہے وہ یہ کہ ” تمہارا رب تمہارے بارے میں تمہاری بہ نسبت بہت زیادہ جانتا ہے، اگر وہ چاہے تو توبہ اور ایمان کے ذریعہ تمہارے اوپر رحم فرمائے یا اگر تم کو عذاب دینا چاہے تو تم کو کفر پر موت دے کر تم کو عذاب دے اور ہم نے آپ کو ان کا ذمہ دار بنا کر نہیں بھیجا کہ آپ ان کو ایمان پر مجبور کریں اور یہ حکم نازل ہونے سے پہلے کا ہے، اور وہ آسمانوں اور زمین کی مخلوقات کے بارے میں بخوبی جانتا ہے اور ان کے احوال کے مطابق جو چاہتا ہے ان کے ساتھ خاص کرتا ہے، اور یقیناً ہم نے بعض نبیوں کو بعض پر فضیلت دی ہے ان میں سے ہر ایک کو ایک مخصوص فضیلت دے کر، مثلاً موسیٰ (علیہ السلام) کو شرف ہم کلامی بخش کر، اور ابراہیم (علیہ السلام) کو دوستی کا مرتبہ عطا کرکے اور محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ان دونوں پر سفر اسراء کے ذریعہ (فضیلت دیکر) اور داؤد (علیہ السلام) کو ہم نے زبور عطا کی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان سے کہہ دو کہ جن کو تم اس کے علاوہ معبود سمجھتے ہو مثلاً ملائکہ اور عیسیٰ اور عزیر ان کا پکارو لیکن وہ نہ تو تم سے کسی تکلیف کو دور کرسکتے ہیں اور نہ (بدل کر) کسی دوسرے پر ڈال سکتے ہیں اور جنہیں یہ لوگ معبود سمجھ کر پکارتے ہیں وہ خود طاعت کے ذریعہ اپنے رب سے تقرب کی جستجو میں رہتے ہیں کہ ان میں سے کون ہے جو اس کے زیادہ قریب ہوجائے ؟ تو غیر اقرب کا کیا حال ہوگا ؟ (ایّھم) یتبعون کے واؤ سے بدل ہے یعنی جو اس کے قریب ہے وہ (قریب تر ہونے کا) وسیلہ تلاش کرتا ہے اور وہ اس کی رحمت کے امیدوار اور دوسروں کے مانند اسکے عذاب سے ترساں رہتے ہیں تو پھر یہ لوگ ان کو معبود ہونے کی حیثیت سے کیوں پکارتے ہیں ؟ حقیقت یہ ہے کہ تیرے رب کا عذاب ہے ہی ڈرنے کے لائق اور کوئی بستی ایسی نہیں مراد بستی والے ہیں کہ ہم اس کو موت کے ذریعہ قیامت سے پہلے ہلاک نہ کردیں یا قتل وغیرہ کے ذریعہ اس کو سخت عذاب نہ دیں، یہ لوح محفوظ میں لکھا ہوا ہے ہمیں نشانات یعنی اہل مکہ کے فرمائشی معجزات بھیجنے سے صرف اس بات نے روک رکھا ہے کہ جب ہم نے ان (فرمائشی معجزوں) کو بھیجا تھا تو ان کو پہلے لوگوں نے جھٹلا دیا تھا اور اگر ہم ان کے فرمائشی معجزے ان کے پاس بھیجتے تو یہ بھی ان کو جھٹلاتے جس کی وجہ سے مستحق ہلاکت ہوجاتے اور ہم محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے مشن کو پورا کرنے کیلئے ان کو مہلت کا حکم دے چکے ہیں اور ہم نے ثمودیوں کو واضح معجزہ کے طور پر اونٹنی عطا کی تو انہوں نے اس پر ظلم کیا (یعنی اس کی) ناشکری کی تو وہ ہلاک کر دئیے گئے، اور ہم تو لوگوں کو دھمکانے ہی کیلئے نشانیان معجزات بھیجتے ہیں تاکہ وہ ایمان لے آئیں اور یاد کرو جب ہم نے آپ سے فرمایا تھا کہ بلاشبہ تیرے رب نے لوگوں کا علم اور قدرت کے اعتبار سے احاطہ کر رکھا ہے تو وہ اس کے قبضہ میں ہیں، آپ ان کو تبلیغ کرتے رہیے اور کسی کا خوف نہ کیجئے، وہ تمہاری ان سے حفاظت کرے گا، رات کے سفر میں جو کچھ ہم نے آپ کو بچشم سر دکھایا وہ اہل مکہ کیلئے محض آزمائش ہے اس لئے کہ انہوں نے اس کی تکذیب کردی اور جب ان کو (واقعہ کی) خبر دی گئی تو بعض (ضعیف الایمان) ان میں سے مرتد ہوگئے اور اس درخت کو بھی کہ جس پر قرآن میں لعنت کی گئی ہے اور وہ زقوم (تھوہر) کا درخت ہے کہ جو جہنم کے نچلے طبقہ میں اگا ہے اس کو بھی ہم نے ان کیلئے آزمائش بنادیا جبکہ انہوں نے کہا آگ تو درخت کو جلا دیتی ہے تو پھر اس کو کس طرح اگائے گی، ہم ان کو اس کے ذریعہ ڈرا رہے ہیں مگر ہمارا ڈرانا انھیں (اور) بڑی سرکشی پر ابھار رہا ہے۔
تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد
قولہ : الکلمۃ التی ھِیَ احسن، اَلّتی اسم موصول ھِیَ مبتداء احسن اس کی خبر مبتداء خبر سے مل کر جملہ ہو کر صلہ، موصول صلہ سے مل کر صفت الکلمۃ محذوف کی، موصوف صفت سے مل کر مقولہ۔
قولہ : یقولوا کا، مفسر علام نے الکلمۃ محذوف مان کر اَلَّتی کی وجہ تانیث کی طرف اشارہ کردیا۔
قولہ : ھِیَ ربکم اعلم الخ الکلمۃ التیھی احسن کی تفسیر ہے، اور درمیان میں جملہ معترضہ ہے، لہٰذا مفسر اور مفسر کے درمیان فصل کا اعتراض ختم ہوگیا۔ قولہ : بما شاء ای بالنبوۃ وغیرھا۔
قولہ : وآتینا داؤد زبوراً ، اس میں اس بات پر تنبیہ ہے کہ حضرت داؤد (علیہ السلام) کی فضیلت اس وجہ سے ہے کہ ان پر بذریعہ وحی زبور نازل کی گئی نہ کہ ان کے ملک و مال کی وجہ سے۔
قولہ : اولئک الذین یدعون ھم، اولئک اسم اشارہ موصوف، الّذین اسم موصول، یدعون فعل بافاعل ھم ضمیر صلہ مفعول محذوف آلھۃً ، ھم سے تمیز، یدعون اپنے فاعل اور مفعول سے مل کر صلہ، موصول صلہ سے مل کر جملہ ہو کر اولئک موصوف کی صفت موصوف صفت سے مل کر مبتداء یبتغون الی ربھم الوسیلۃ جملہ ہو کر مبتداء کی خبر۔
دوسری ترکیب : اولئک مبدل منہ اور الذین یدعون بدل، بدل مبدل منہ سے مل کر مبتداء اور یبتغون جملہ ہو کر اس کی خبر۔
قولہ : اَیُّھُمْ ، اقرَبُ ، مبتداء خبر ہیں، اور یہ بھی درست ہے کہ اَیُّھُمْ یبتغون کی ضمیر سے بدل ہو، ای یبتغی مَنْ ھو اقرب الیہ تعالیٰ الوسیلۃَ فکیف من دونہ : مفسر علام سیوطی نے یہی ترکیب اختیار کی ہے۔
قولہ : مبصِرۃ، مبصِرَۃً آیۃ موصوف محذوف کی صفت ہے نہ کہ الناقۃ کی لہٰذا موصوف و صفت میں عدم مطابقت کا اعتراض ختم ہوگیا۔ قولہ : عیانا، اس میں اشارہ ہے کہ رؤیا معنی میں رویت بصری کے ہے۔
قولہ : الشجرۃ، اس کا عطف الرؤیا پر ہے، یعنی ہم نے دونوں کو وجہ آزمائش بنایا۔ قولہ : الشجرۃ الملعونۃ، اس میں مجاز ہے یعنی لعنت شجر پر نہیں بلکہ شجر کے کھانے والے پر ہوگی اسلئے کہ شجر پر لعنت کے کوئی معنی نہیں ہیں۔
تفسیر و تشریح
بدزبانی اور تلخ کلامی کفار کے ساتھ بھی جائز نہیں : زبان کی ذرا سی بےاعتدالی سے شیطان جو تمہارا کھلا ہوا دشمن ہے تمہارے درمیان فساد ڈلوا سکتا ہے، آپس میں گفتگو کرتے وقت زبان کو احتیاط سے استعمال کریں، زبان سے اچھے اور مہذب کلمات نکالیں شیریں کلامی اور نرم گفتاری سے انسان دشمن کے دل کو بھی جیت سکتا ہے، اگر کفار و مشرکین اور اہل کتاب سے گفتگو کی ضرورت پیش آئے تو ان سے بھی مشفقانہ اور نرم لہجے میں گفتگو کریں، زبان کی ذرا سی بےاحتیاطی کفار و مشرکین کے دلوں میں تمہارے لئے زیادہ بغض وعناد پیدا کرسکتی ہے، گالی گلوچ اور سخت کلامی سے نہ کوئی قلعہ فتح ہوتا ہے اور نہ کسی کو ہدایت ہوتی ہے اس لئے اس سے منع کیا گیا ہے۔
شان نزول : امام قرطبی نے فرمایا کہ یہ آیت حضرت عمر (رض) کے ایک واقعہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی ایک مرتبہ ایک شخص نے حضرت عمر (رض) کو گالی دی اسکے جواب میں حضرت عمر (رض) نے بھی اس کو سخت جواب دیا اور اس کے قتل کا ارادہ کیا اس کے نتیجے میں دو قبیلوں کے درمیان جنگ چھڑ جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا، اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔
ولقد فضلنا۔۔۔۔۔۔ بعض، یہ مضمون تلک الرسل فضلنا بعضھم علی بعض میں بھی گذر چکا ہے اسی مضمون کو یہاں کفار مکہ کے جواب میں دہرایا گیا ہے، جو کہتے تھے کہ کیا اللہ کو رسالت کیلئے یہی (محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ملا تھا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کسی کو رسالت و نبوت کیلئے منتخب کرنا اور کسی نبی کو دوسرے نبی پر فضیلت دینا یہ اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔
قل ادعوا۔۔۔ الخ، اس آیت میں من دونہ سے مراد فرشتوں اور بزرگوں کے وہ مجسمے ہیں جن کی وہ بندگی کیا کرتے تھے، یا حضرت عزیز و مسیح (علیہما السلام) ہیں جنہیں یہودی اور عیسائی ابن اللہ کہتے اور انھیں صفات الوہیت کا حامل مانتے تھے یا وہ جنات ہیں جن کی مشرکین عبادت کرتے تھے، اسلئے اس آیت میں بتلایا جا رہا ہے کہ یہ تو خود اپنے رب کا قرب حاصل کرنے کی جستجو میں رہتے ہیں اور اس کی رحمت کی امید رکھتے اور اس کے عذاب سے ڈرتے ہیں۔
وما منعنا أن۔۔۔۔ الالون، یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب کفار مکہ نے مطالبہ کیا کہ کوہ صفا کو سونے کا بنادیا جائے یا مکہ کے پہاڑوں کو اپنی جگہ سے ہٹا دیا جائے، تاکہ وہاں کاشت ہو سکے، اس پر اللہ تعالیٰ نے جبرئیل (علیہ السلام) کے ذریعہ پیغام بھیجا کہ ان کے مطالبات ہم پورے کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اس کے بعد بھی وہ ایمان نہ لائے تو ان کو ہلاکت یقینی ہے، اور پھر انھیں مہلت نہیں دی جائے گی، نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بھی اس بات کو پسند فرمایا کہ ان کا مطالبہ پورا نہ کیا جائے تاکہ یہ یقینی ہلاکت سے بچ جائیں۔
وما جعلنا۔۔۔۔۔ للناس، صحابہ اور تابعین نے اس رؤیا کی تعبیر رویت بصری سے کی ہے، اور مراد اس سے معراج کا واقعہ ہے جو کمزور ایمان والوں کیلئے فتنے کا باعث بن گیا، جس کی وجہ سے وہ مرتد ہوگئے، اور درخت سے مراد زقوم (تھوہر) کا درخت ہے جس کا مشاہدہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے شب معراج جہنم میں کیا، الملعونۃ سے مراد کھانے والوں پر لعنت ہے۔
10 Tafsir as-Saadi
یہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا اپنے بندوں پر لطف و کرم ہے کہ اس نے انہیں بہتر اخلاق، اعمال اور اقوال کا حکم دیا ہے جو دنیا و آخرت کی سعادت کے موجب ہیں چنانچہ فرمایا : ﴿وَقُل لِّعِبَادِي يَقُولُوا الَّتِي هِيَ أَحْسَنُ ۚ﴾ ” کہہ دو میرے بندوں سے، بات وہی کہیں جو اچھی ہو۔“ یہ ہر اس کلام کے بارے میں حکم ہے جو اللہ تعالیٰ کے تقرب کا ذریعہ ہے مثلاً قراءت قرآن، ذکر الہٰی، حصول علم، امر بالمعروف، نہی عن المنکر اور لوگوں کے ساتھ ان کے حسب مراتب اور حسب منزلت شیریں کلامی وغیرہ۔ اگر دو اچھے امور درپیش ہوں اور ان دونوں میں جمع و تطبیق ممکن نہ ہو تو ان میں جو بہتر ہو اس کو ترجیح دی جائے اور اچھی بات ہمیشہ خلق جمیل اور عمل صالح کو دعوت دیتی ہے، اس لیے جسے اپنی زبان پر اختیار ہے اس کے تمام معاملات اس کے اختیار میں ہیں۔ ﴿إِنَّ الشَّيْطَانَ يَنزَغُ بَيْنَهُمْ ﴾ ” بے شک شیطان ان کے درمیان جھڑپ کرواتا ہے“ یعنی شیطان بندوں کے دین و دنیا کو خراب کر کے ان کے درمیان فساد پھیلانا چاہتا ہے اور اس فساد کی دوا یہ ہے کہ وہ بری باتوں میں شیطان کی پیروی نہ کریں جن کی طرف شیطان دعوت دیتا رہتا ہے اور آپس میں نرم رویہ اختیار کریں تاکہ شیطان کی ریشہ دوانیوں کا قلع قمع ہو جو ان کے درمیان فساد کا بیج بوتا رہتا ہے، اس لیے کہ شیطان ان کا حقیقی دشمن ہے اور ان پر لازم ہے کہ وہ شیطان کے خلاف مصروف جنگ رہیں۔ اس لیے کہ وہ تو انہیں دعوت دیتا رہتا ہے ﴿ لِيَكُونُوا مِنْ أَصْحَابِ السَّعِيرِ﴾ (فاطر :35؍6)” تاکہ وہ جہنم والے بن جائیں۔“ اگرچہ شیطان ان کے درمیان فساد اور عداوت ڈالنے کی بھر پور کوشش کرتا ہے لیکن اس بارے میں کامل حزم و احتیاط یہ ہے کہ اپنے دشمن شیطان کی مخالفت کی جائے، نفس امارہ کا قلع قمع کیا جائے جس کے راستے سے شیطان داخل ہوتا ہے، اس طرح وہ اپنے رب کی اطاعت کرسکیں گے، ان کا معاملہ درست رہے گا اور راہ ہدایت پالیں گے۔
11 Mufti Taqi Usmani
meray ( momin ) bandon say keh do kay wohi baat kaha keren jo behtareen ho . dar-haqeeqat shetan logon kay darmiyan fasad daalta hai . shetan yaqeeni tor per insan ka khula dushman hai .
12 Tafsir Ibn Kathir
مسلمانو ایک دوسرے کا احترام کرو
اللہ تعالیٰ اپنے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرماتا ہے کہ آپ مومن بندوں سے فرما دیں کہ وہ اچھے الفاظ، بہتر فقروں اور تہذیب سے کلام کرتے رہیں، ورنہ شیطان ان کے آپس میں سر پھٹول اور برائی ڈلوا دے گا، لڑائی جھگڑے شروع ہوجائیں گے۔ وہ انسان کا دشمن ہے گھات میں لگا رہتا ہے، اسی لئے حدیث میں مسلمان بھائی کی طرف کسی ہتھیار سے اشارہ کرنا بھی حرام ہے کہ کہیں شیطان اسے لگا نہ دے اور یہ جہنمی نہ بن جائے۔ ملاحظہ ہو مسند احمد۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے لوگوں کے ایک مجمع میں فرمایا کہ سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں کوئی کسی پر ظلم و ستم نہ کرے کوئی کسی کو بےعزت نہ کرے پھر آپ نے اپنے سینے کی طرف اشارہ کر کے فرمایا تقوی یہاں ہے جو دو شخص آپس میں دینی دوست ہوں پھر ان میں جدائی ہوجائے اسے ان میں سے جو بیان کرے وہ بیان کرنے والا برا ہے وہ بدتر ہے وہ نہایت شریر ہے (مسند)