پھر (یہودی) کافروں نے (عیسٰی علیہ السلام کے قتل کے لئے) خفیہ سازش کی اور اﷲ نے (عیسٰی علیہ السلام کو بچانے کے لئے) مخفی تدبیر فرمائی، اور اﷲ سب سے بہتر مخفی تدبیر فرمانے والا ہے،
English Sahih:
And they [i.e., the disbelievers] planned, but Allah planned. And Allah is the best of planners.
1 Abul A'ala Maududi
پھر بنی اسرائیل (مسیح کے خلاف) خفیہ تدبیریں کرنے لگے جواب میں اللہ نے بھی اپنی خفیہ تدبیر کی اور ایسی تدبیروں میں اللہ سب سے بڑھ کر ہے
2 Ahmed Raza Khan
اور کافروں نے مکر کیا اور اللہ نے ان کے ہلاک کی خفیہ تدبیر فرمائی اور اللہ سب سے بہتر چھپی تدبیر والا ہے
3 Ahmed Ali
اور انہوں نے خفیہ تدبیر کی اور الله نے بھی خفیہ تدبیر فرمائی اور الله بہترین خفیہ تدبیر کرنے والو ں میں سے ہے
4 Ahsanul Bayan
اور کافروں نے مکر کیا اور اللہ تعالٰی نے بھی (مکر) خفیہ تدبیر کی اور اللہ تعالٰی بہتر جاننے والا ہے (١)
٥٤۔١ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں شام کا علاقہ رومیوں کے زیرنگین تھا یہاں ان کا جو حکمران مقرر تھا وہ کافر تھا یہودیوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے خلاف اس حکمران کے کان بھرے کہ یہ نعوذ با اللہ بےباپ کے اور فسادی ہے وغیرہ وغیرہ حکمران نے ان کے مطالبے پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو سولی دینے کا فیصلہ کر لیا لیکن اللہ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بحفاظت آسمان پر اٹھا لیا اور ان کی جگہ ان کے ہمشکل ایک آدمی کو سولی دے دی (مکر) عربی زبان میں لطیف اور خفیہ تدبیر کو کہتے ہیں اور اس معنی میں یہاں اللہ تعالٰی (خیرُ الْماکِرِیْنَ) کہا گیا گویا یہ مکر (برا) بھی ہو سکتا ہے اگر غلط مقصد کے لئے ہو اور خیر (اچھا) بھی ہو سکتا ہے اگر اچھے مقصد کے لئے ہو۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
اور وہ (یعنی یہود قتل عیسیٰ کے بارے میں ایک) چال چلے اور خدا بھی (عیسیٰ کو بچانے کے لیے) چال چلا اور خدا خوب چال چلنے والا ہے
6 Muhammad Junagarhi
اور کافروں نے مکر کیا اور اللہ تعالیٰ نے بھی (مکر) خفیہ تدبیر کی اور اللہ تعالیٰ سب خفیہ تدبیر کرنے والوں سے بہتر ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
انہوں (بنی اسرائیل) نے (عیسیٰ کے خلاف) مکاری کی اور اللہ نے بھی اپنی (جوابی) تدبیر و ترکیب کی۔ اور اللہ سب سے بہتر تدبیر و ترکیب کرنے والا ہے۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اور یہودیوں نے عیسٰی علیھ السّلام سے مکاری کی تو اللہ نے بھی جوابی تدبیر کی اور خدا بہترین تدبیر کرنے والا ہے
9 Tafsir Jalalayn
اور وہ (یعنی یہود قتل عیسیٰ کے بارے میں ایک) چال چلے اور خدا بھی (عیسی کو بچانے کے لئے) چال چلا اور خدا خوب چال چلنے والا ہے یہود کی عدالت میں عیسیٰ (علیہ السلام) کو سزائے موت : وَمَلکَرُوْا وَمَکَرَ اللہُ وَاللہُ خَیْرُ الْمَاکِرِیْنَ ، اللہ کی طرف جو مکر کی نسبت کی گئی ہے یہ فن مشاکلت کے طور پر ہے۔ پہلے مکروا کے فاعل یہود ہیں، یہود کے اکابر اور سرداروں نے مخالفت اور ایذاء کے بہت سے درجے طے کرنے کے بعد بالآخر یہ طے کیا کہ یسوع نامی اسرائیلی مدعی نبوت کو ختم ہی کردینا چاہیے، چناچہ پہلے اپنی مذہبی عدالت میں الحاد کا الزام لگا کر آپ کو واجب القتل قرار دیا، پھر رومی حاکموں کی ملکی عدالت میں لاکر آپ پر بغاوت کا مقدمہ چلایا۔ حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) اور آپ کے مخالفین کا یہ معرکہ ملک شام کے صوبہ فلسطین میں پیش آیا تھا شام اس وقت رومی سلطنت کا ایک جزو تھا، اور یہاں کے یہودی باشندوں کو اپنے معاملات میں نیم آزادی اور نیم خود مختاری حاصل تھی شہنشاہ رومہ کی طرف سے ایک نائب السلطنت (وائسرائے) سارے ملک شام کا تھا، اور اس کے ماتحت ایک والی یا امیر صوبہ فلسطین کا تھا، رومیوں کا مذہب شرک و بت پرستی تھا، یہود کو اتنا اختیار حاصل تھا کہ اپنے لوگوں کے مقامات اپنی مذہبی عدالت میں چلائیں، لیکن سزاؤں کے نفاذ کے لیے ان مقدمات کو ملکی عدالت میں لانا پڑتا تھا جرم الحاد میں قتل کا فتویٰ خود یہود کی عدالت دے سکتی تھی، اور اس نے اسی سزا کا حکم سنایا لیکن واقعۃً سزائے موت کا نفاذ صرف رومی ملکی عدالت کے ہاتھ میں تھا، اور سزائے موت رومی حکومت میں سولی کے ذریعہ دی جاتی تھی یہود کی اس گہری سازش کا تذکرہ قرآن مجید کے لفظ مکروا میں ہے۔ وَمَکَرَ اللہُ ، یعنی اللہ نے مخالفین اور معاندین کی ساری تدبیریں، ساری سازشیں الٹ دیں اور حضرت مسیح (علیہ السلام) کو سولی کی موت سے بچا لیا۔
10 Tafsir as-Saadi
اس لئے اس مقام پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿وَمَكَرُوا﴾ ” اور انہوں (کافروں) نے تدبیر کی“ یعنی اللہ کے نور کو بجھانے کے لئے اللہ کے نبی کو شہید کرنے کا منصوبہ بنایا ﴿وَمَكَرَ اللَّـهُ﴾” اور اللہ نے بھی خفیہ تدبیر کی“ اور انہیں ان کے منصوبوں کی سزا دینے کا فیصلہ فرمایا۔ ﴿وَاللَّـهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ﴾ ” اور اللہ سب خفیہ تدبیر کرنے والوں سے بہتر ہے“ اللہ تعالیٰ نے ان کی تدبیر کو ناکام بنا دیا اور ورہ خائب و خاسر ہو کر رہ گئے۔
11 Mufti Taqi Usmani
aur unn kafiron ney ( essa ( aleh-assalam ) kay khilaf ) khufiya tadbeer ki , aur Allah ney bhi khufiya tadbeer ki . aur Allah sabb say behtar tadbeer kernay wala hai .