النساء آية ۱
يٰۤـاَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّكُمُ الَّذِىْ خَلَقَكُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَةٍ وَّخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا وَبَثَّ مِنْهُمَا رِجَالًا كَثِيْرًا وَّنِسَاۤءً ۚ وَاتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِىْ تَسَاۤءَلُوْنَ بِهٖ وَالْاَرْحَامَ ۗ اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَيْكُمْ رَقِيْبًا
طاہر القادری:
اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تمہاری پیدائش (کی ابتداء) ایک جان سے کی پھر اسی سے اس کا جوڑ پیدا فرمایا پھر ان دونوں میں سے بکثرت مردوں اور عورتوں (کی تخلیق) کو پھیلا دیا، اور ڈرو اس اللہ سے جس کے واسطے سے تم ایک دوسرے سے سوال کرتے ہو اور قرابتوں (میں بھی تقوٰی اختیار کرو)، بیشک اللہ تم پر نگہبان ہے،
English Sahih:
O mankind, fear your Lord, who created you from one soul and created from it its mate and dispersed from both of them many men and women. And fear Allah, through whom you ask one another, and the wombs. Indeed Allah is ever, over you, an Observer.
1 Abul A'ala Maududi
لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا اور اُسی جان سے اس کا جوڑا بنایا اور ان دونوں سے بہت مرد و عورت دنیا میں پھیلا دیے اُس خدا سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنے حق مانگتے ہو، اور رشتہ و قرابت کے تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیز کرو یقین جانو کہ اللہ تم پر نگرانی کر رہا ہے
2 Ahmed Raza Khan
اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی میں سے اس کا جوڑا بنایا اور ان دونوں سے بہت سے مرد و عورت پھیلا دیئے اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بیشک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے،
3 Ahmed Ali
اے لوگو اپنے رب سے ڈرو جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی جان سے اس کا جوڑا بنایا اور ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلائیں اس اللہ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے اپنا حق مانگتے ہو اور رشتہ داری کے تعلقات کو بگاڑنے سے بچو بے شک الله تم پر نگرانی کر رہا ہے
4 Ahsanul Bayan
اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا (١) اسی سے اس کی بیوی کو پیدا کر کے ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلا دیں اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو اور رشتے ناتے توڑنے سے بھی بچو (٢) بیشک اللہ تعالٰی تم پر نگہبان ہے۔
١۔١ ' ایک جان ' سے مراد ابو البشر حضرت آدم علیہ السلام ہیں اور خَلَقَ مِنْہَا وَ زَوْجَھَا میں مِنْھَا سے وہی ' جان ' یعنی آدم علیہ السلام مراد ہیں اور آدم علیہ السلام سے ان کی زوجہ (بیوی) حضرت حوا کو پیدا کیا۔ حضرت حوا حضرت آدم علیہ السلام سے کس طرح پیدا ہوئیں؟ اس میں اختلاف ہے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے قول مروی ہے کہ حضرت حوا مرد ( یعنی آدم علیہ السلام) سے پیدا ہوئیں۔ یعنی ان کی بائیں پسلی سے۔ ایک حدیث میں کہا گیا ہے، عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہے اور پسلی میں سب سے ٹیڑھا حصہ، اس کا بالائی حصہ ہے۔ اگر تو اسے سیدھا کرنا چاہے تو توڑ بیٹھے گا اگر تو اس سے فائدہ آٹھانا چاہے تو کجی کے ساتھ ہی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بعض علماء نے اس حدیث سے استدلال کرتے ہوئے حضرت ابن عباس رضی اللہ سے منقول رائے کی تائید کی۔ قرآن کے الفاظ خلق منھا سے اسی مؤقف کی تائید ہوتی ہے۔ حضرت حوا کی تخلیق اسی نفس واحدہ سے ہوئی ہے جسے آدم کہا جاتا ہے۔
١۔٢والارحام کا عطف اللہ پر ہے یعنی رحموں (رشتوں ناطوں) کو توڑنے سے بھی بچو۔ ارحام، رحم کی جمع ہے۔ مراد رشتہ داریاں ہیں جو رحم مادر کی بنیاد پر ہی قائم ہوتی ہیں اس سے محرم اور غیر محرم دونوں رشتے مراد ہیں رشتوں ناتوں کا توڑنا سخت کبیرہ گناہ ہے جسے قطع رحمی کہتے ہیں۔ احادیث میں قرابت داریوں کو ہر صورت میں قائم رکھنے اور ان کے حقوق ادا کرنے کی بڑی تاکید اور فضیلت بیان کی گئی ہے جسے صلہ رحمی کہا جاتا ہے۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
لوگو اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ایک شخص سے پیدا کیا (یعنی اول) اس سے اس کا جوڑا بنایا۔ پھر ان دونوں سے کثرت سے مرد وعورت (پیدا کرکے روئے زمین پر) پھیلا دیئے۔ اور خدا سے جس کے نام کو تم اپنی حاجت بر آری کا ذریعہ بناتے ہو ڈرو اور (قطع مودت) ارحام سے (بچو) کچھ شک نہیں کہ خدا تمہیں دیکھ رہا ہے
6 Muhammad Junagarhi
اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو، جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کی بیوی کو پیدا کرکے ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلا دیں، اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو اور رشتے ناطے توڑنے سے بھی بچو بے شک اللہ تعالیٰ تم پر نگہبان ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
(اے انسانو!) اپنے اس پروردگار سے ڈرو۔ جس نے تمہیں ایک متنفس سے پیدا کیا اور اس کا جوڑا بھی اسی سے (اس کی جنس سے) پیدا کیا اور پھر انہی دونوں سے بہت سے مردوں اور عورتوں کو پھیلا دیا۔ اللہ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر ایک دوسرے سے سوال کرتے ہو۔ اور رشتہ قرابت کے بارے میں بھی ڈرو۔ بے شک اللہ تعالیٰ تم پر حاضر و ناظر ہے۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
انسانو! اس پروردگار سے ڈرو جس نے تم سب کو ایک نفس سے پیدا کیا ہے اور اس کا جوڑا بھی اسی کی جنس سے پیدا کیا ہے اور پھر دونوں سے بکثرت مرد وعورت دنیا میں پھیلا دئیے ہیں اور اس خدا سے بھی ڈرو جس کے ذریعہ ایک دوسرے سے سوال کرتے ہو اور قرابتداروں کی بے تعلقی سے بھی- اللہ تم سب کے اعمال کا نگراں ہے
9 Tafsir Jalalayn
لوگو ! اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ایک شخص سے پیدا کیا (یعنی اوّل) اس نے اس کا جوڑا بنایا۔ پھر ان دونوں سے کثرت سے مرد و عورت (پیدا کر کے روئے زمین پر) پھیلا دیئے اور خدا سے جس کے نام کو تم اپنی حاجت براری کا ذریعہ بناتے ہو ڈرو اور (قطع مودت) ارحام سے (بچو) کچھ شک نہیں کہ خدا تمہیں دیکھ رہا ہے۔
آیت نمبر ١ تا ١٠
ترجمہ : شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔ اے لوگو، یعنی اے مکہ والو ! تم اپنے رب کے عذاب سے
ڈرو اس طریقہ پر کہ اس کی اطاعت کرو۔ جس نے تم کو ایک جان آدم سے پیدا کیا اور اسی سے اس کا جوڑا حوآء کو اس کی بائیں پسلیوں میں سے ایک پسلی سے پیدا کیا (حوآء) مد کے ساتھ ہے، اور ان دونوں یعنی آدم و حواء سے بہت سے مرد اور عورت پھیلا دئیے اور اس اللہ سے ڈرو جس کے واسطہ سے تم ایک دوسرے سے مانگتے ہو۔ اس طریقہ پر کہ ایک دوسرے سے کہتے ہو کہ میں تجھ سے اللہ کے واسطہ سے سوال کرتا ہوں یا تجھ کو اللہ کی قسم دیتا ہوں۔ اس میں تاء اصل میں سین میں مدغم ہے اور ایک قرائت میں بہ حذف تاء تخفیف کے ساتھ ہے۔ ای تساءلُوْنَ ، اور ذوی الارحام کے معاملہ میں اللہ سے ڈرو یعنی قطع رحمی کرنے سے ڈرو، اور ایک قراءت میں (اَرْحامِ ) کے کسرہ کے ساتھ ہے بہٖ ، کی ضمیر پر عطف کرتے ہوئے اور وہ آپس میں صلہ رحمی کا بھی واسطہ دیا کرتے تھے۔ بیشک اللہ تعالیٰ تم پر نگہبان ہے یعنی تمہارے اعمال کو محفوظ رکھنے والا ہے تو وہ تم کو ان اعمال کی جزاء دیگا، یعنی وہ اس صفت نگہبانی کے ساتھ ہمیشہ متصف ہے اور (آئندہ آیت) ایک یتیم کے بارے میں نازل ہوئی کہ جس نے اپنے ولی سے اپنا مال طلب کیا مگر اس نے منع کردیا۔ اور یتیموں کو یعنی وہ چھوٹے بچے کہ جن کا باپ موجود نہیں ہے جب وہ بالغ ہوجائیں تو ان کا مال دیدو اور حرام کو حلال سے تبدیل نہ کرو۔ یعنی حرام کو حلام کے عوض مت لو، جیسا کہ تم یتیم کے مال میں سے عمدہ مال لے کر اور اپنے مال میں سے خراب قسم کا مال اس کی جگہ رکھ کر کرتے ہو، اور ان کے مالوں کو اپنے مالوں سے ملا کر (یعنی اس کی آڑ میں) مت کھاؤ بلاشبہ یہ کھانا گناہ عظیم ہے، اور جب مذکوہ آیت نازل ہوئی تو لوگ یتیموں کی کفالت میں حرج محسوس کرنے لگے اور ان میں بعض لوگ ایسے بھی تھے کہ جن کی زوجیت میں دس دس یا آٹھ آٹھ یتیم بیویاں تھیں اور وہ ان کے درمیان عدل سے کام نہیں لیتے تھے تو آئندہ آیت نازل ہوئی۔ اگر تمہیں یتیموں کے بارے میں عدل نہ کرنے کا اندیشہ ہو اور تم ان کے معاملہ میں (گناہ) سے بچنا چاہتے ہو اور ان یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے کی صورت میں بھی انصاف نہ کرنے کا اندیشہ کرو، تو (یتیم لڑکیوں کے علاوہ) سے نکاح کرلو جو تم کو پسند ہوں، مَا، بمعنی مَنْ ہے دو دو سے تین تین سے چار چار سے اس سے آگے نہ بڑھو، لیکن اگر تمہیں ان کے درمیان (بھی) برابری نہ کرنے کا اندیشہ ہو تو ایک ہی کافی ہے یا اپنی باندیوں پر اکتفاء کرو اس لئے کہ باندیوں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو بیویوں کے ہوتے ہیں، یہ چار سے نکاح یا ایک سے، یا باندی پر اکتفاء زیادتی نہ ہونے کی توقع میں زیادہ قریب ہے اور تم عورتوں کے مہر خوش دلی سے دیدیا کرو صدقات، صَدُقَۃٌ کی جمع ہے صَدُقاتُھنّ ای مھودھُنّ ، نِحلۃً مصدر ہے معنی خوش دلی سے عطیہ دینے کے ہے لیکن اگر وہ خوش دلی سے تمہارے لئے اس میں سے کچھ چھوڑ دیں نَفْسًا، تمیز ہے جو فاعل سے منقول ہے ای طَابَتْ اَنْفُسُھنّ لکم من شیْءٍ مِنْ الصُداقِ فَوَھَبْنَہٗ لکم، تو تم اس شوق سے خوش ہو کر کھاؤ۔ کہ اس کے کھانے میں تمہارا آخرت میں کوئی نقصان نہیں۔ یہ آیت اس شخص پر رد کرنے کے بارے میں نازل ہوئی جو اس میں کراہت سمجھتا تھا۔ اور اے اولیاؤ ! تم کم عقلوں کو جو فضول خرچ ہوں مرد ہوں یا عورت اور بچے وہ مال نہ دو جو تمہارے قبضہ میں ہے (اور) جس کو تمہارے گزران کے لئے مایہ زندگی بنایا ہے، قیامًا، قَامَ کا مصدر ہے یعنی جس کے ذریعہ تم اپنی معاش اور اپنی اولاد کی اصلاح قائم رکھتے ہو تو وہ اس مال کو بلاوجہ صرف کردیں گے، اور ایک قراءت میں قِیْمًا، قیمۃ کی جمع ہے جس کی وجہ سے معاش زندگی قائم رہتی ہے اور اس مال میں سے انہیں کھلاتے اور پہناتے رہو اور ان سے بھلائی کی بات کہتے رہو یعنی تم ان سے ان کے مال دینے کے بارے میں اچھے وعدے کرتے رہو کہ جب تم سمجھدار ہوجاؤ گے (تو تمہارا مال تم کو دے دیں گے) اور (ان کے) بالغ ہونے سے پہلے ان کے دین اور لَیْن دَیْن کے معاملات میں ان کی دیکھ بھال کرتے رہو یہاں تک کہ عمر نکاح کو پہنچ جائیں (بالغ ہوجائیں) یعنی نکاح کے اہل ہوجائیں احتلام کے ذریعہ یا عمر کے ذریعہ اور وہ (مدت) پندرہ سال کی تکمیل ہے امام شافعی (رح) تعالیٰ کے نزدیک پس اگر تم ان میں سمجھداری یعنی ان کے دین اور مال کے معاملہ میں صلاح دیکھو تو ان کا مال ان کے حوالہ کردو اے اولیاؤ ان کے بڑے ہوجانے کے ذر سے ان کے مالوں کو جلدی جلدی فضول خرچیوں میں ناحق تباہ مت کرو (یعنی ان کے بڑے ہو کر سمجھدار ہونے کے خوف سے بعجلت ان کا مال نہ کھاؤ اس خیال سے کہ بڑے ہونے کے بعد ان کا مال ان کو سونپنا پڑے گا) اور اولیاء میں سے جو مالدار ہوں ان کو چاہیے کہ ان کے یعنی یتیموں کے مال سے بچتے رہیں اور اس کے کھانے سے اجتناب کریں، البتہ جو نادار ہو تو وہ یتیم کے مال میں سے دستور کے مطابق اپنے عمل کی اجرت کے بقدر کھا سکتا ہے اور جب ان کے مال ان یتیموں کے حوالہ کرنے لگو تو ان پر گواہ بنا لیا کرو کہ انہوں نے مال و صول کرلیا اور تم بری ہوگئے تاکہ اختلاف واقع نہ ہو۔ (اور اختلاف واقع ہونے کی صورت میں) تم گواہ کی جانب رجوع کرسکو، اور یہ امر اصلاحی ہے (یعنی گواہ بنانے کا حکم استحبابی ہے) اور اللہ حساب لینے والا کافی ہے یعنی اپنی مخلوق کے اعمال کا محافظ اور ان کا محاسب ہے۔ (آئندہ آیت) اس دستور کو رد کرنے کے لئے نازل ہوئی جو اہل جاہلیت میں رائج تھا اور وہ عورتوں اور بچوں کو میراث نہ دینے کا دستور تھا، وفات پانے والے ماں باپ کے ترکہ میں مردوں یعنی اولاد و اقارب کا حصہ بھی ہے اور والدین اور خویش و اقارب کے ترکہ میں عورتوں کا حصہ بھی ہے، مال خواہ قلیل ہو یا کثیر، اللہ نے اس میں حصہ متعین کیا ہے اور جب تقسیم میراث کے وقت ایسے رشتہ دار آجائیں جن کا میراث میں حصہ نہیں ہے اور یتیم و مسکین (آجائیں) تو تقسیم سے پہلے تھوڑا بہت ان کو بھی دیدو اور اے اولیاؤ ان حاضر ہونے والوں سے خوش اخلاقی کی بات کہہ دو جبکہ ورثہ (میں) نابالغ بھی ہوں۔ اس طریقہ پر کہ ان سے معذرت کردو کہ تم اس کے مالک نہیں ہوسکتے اسلئے کہ یہ نابالغ بچوں کا مال ہے اور کہا گیا ہے کہ (غیر ورثاء کو دینے کا حکم) منسوخ ہے اور کہا گیا ہے کہ منسوخ نہیں ہے بلکہ لوگ (اس حکم پر) ترک عمل ہی میں سہولت سمجھنے لگے ہیں، اور اس عدم نسخ کے قول کے مطابق امر استحباب کے لئے ہے، اور ابن عباس سے مروی ہے کہ یہ حکم و جوب کیلئے ہے اور یتیموں کے بارے میں ان لوگوں کو ڈرنا چاہیے کہ اگر وہ اپنے پیچھے اپنی موت کے بعد چھوٹے ناتواں بچے چھوڑ تے، یعنی قریب المرگ ہونے کی وجہ سے چھوڑنے کے قریب ہوتے کہ جن کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہوتا تو چاہیے کہ یتیموں کے معاملہ میں اللہ سے ڈریں اور ان کے ساتھ وہی سلوک کریں جو وہ پسند کریں کہ ان کے مرنے کے بعد ان کی اولاد کے ساتھ کیا جائے اور مرنے والے یعنی (مریض) سے مناسب بات کہیں (مثلا) یہ کہ اس سے کہیں کہ تہائی مال سے کم صدقہ کرو اور باقی ورثہ کے لئے چھوڑ دو اور محتاج بنا کر نہ چھوڑو۔ بیشک ناردا طریقہ سے یتیموں کا مال کھاتے ہیں وہ اپنے پیٹ میں آگ کھاتے ہیں۔ یعنی پیٹ میں آگ بھرتے ہیں۔ اس لئے کہ یہ (ماکول) آگ میں تبدیل ہوجائے گا اور وہ لوگ عنقریب بھڑکتی ہوئی یعنی شدید آگ میں جائیں گے جس میں وہ جلتے رہیں گے۔
تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد
قولہ : یٰآیُّھَا النَّاسُ ای اہل مکۃ۔ سوال : مشہور قاعدہ ہے کہ مکی آیتوں میں خطاب یایّھا الناس سے اور مدنی آیتوں میں یایّھا الذین آمنوا سے ہوتا ہے حالانکہ سورة نساء مدنی ہے مگر اس میں خطاب یایّھا الناس سے ہوا ہے اس کی کیا وجہ ہے ؟
جواب : مذکورہ قاعدہ اکثری ہے کلی نہیں، اس کے علاوہ مخاطب یہاں بھی اہل مکہ ہی ہیں۔
قولہ : ای عقابہٗ اس اضافہ کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ذات سے احتراز محال ہے مطلب یہ ہے کہ اس کی اطاعت کرکے اس کے عذاب سے بچو۔ قولہ : حوّآء۔ انّما سمیت حواّء لانھا خُلِقتْ من الحیّ ۔
قولہ : تساء لُونَ ، تسائلٌ سے مضارع ہے جمع مذکر حاضر، تم باہم سوال کرتے ہو، اصل میں تَتَسَاءَلونَ تھا تاء ثانیہ کو حذف کردیا گیا۔
قولہ : والارحام، یہ رحم کی جمع ہے بمعنی قرابت رشتہ داری۔
قولہ : اَن یُّقَطّعُوا اس میں اشارہ ہے کہ مضاف محذوف ہے لہٰذا یہ اعتراض ختم ہوگیا کہ ارحام سے احتراز کے کوئی معنی نہیں ہیں۔
قولہ : کانوا یتناشدون ای یتقاسمون۔ قولہ : الُالیٰ ، یہ اسم موصول ہے جو کہ مذکر مؤنث یعنی الّذی اور اَلّتی میں مشترک ہے۔ اس لئے کہ یتیم ہونا مذکر یا مونث کے ساتھ خاص نہیں ہے اسی لئے ایسا اسم موصول لائے ہیں جو مذکر اور مؤنث دونوں میں مشترک ہے۔
فائدہ : انسانوں میں یتیم اس بچے کو کہتے ہیں جس کا باپ نہ ہو اور حیوانوں میں جس کی ماں نہ ہو الیتیم فی الاناسی مِنْ قِبَل الْاباء وفی البھائم مِنْ قِبَل الامُّھَات۔ قولہ : یتٰمٰی، یتیم کی جمع الجمع ہے۔ یتیم کی جمع یَتْمٰی بروزن اَسْریٰ اور یتْمٰی کی جمع یَتٰمٰی۔
قولہ : ای اکلَھَا، یہ ایک سوال مقدر کا جواب ہے۔ سوال : اَنَہٗ کی ضمیر اموال کی طرف راجع ہے جو کہ جمع ہے لہٰذا ضمیر مفرد کا لانا درست نہیں ہے۔ جواب : تأکلون سے جو اکل مفہوم ہے اس کی طرف راجع ہے۔
قولہ : تحَرَّجوْا مِنْ ولایۃ الیتٰمٰی، یعنی یتیموں کی ولایت سے بچنے اور باز رہنے کی کوشش کرنے لگے۔ قولہ : فَخَافُوا۔
سوال : فخافوا، جزاء محذوف ماننے کی کیا ضرورت پیش آئی ؟ جبکہ، فانکحوا، جزاء موجود ہے۔
جواب : جواب کا حاصل یہ ہے کہ خافوا، ماضی کا صیغہ نہیں ہے جیسا کہ بادی الرائے میں وہم ہوتا ہے بلکہ یہ امر جمع مذکر حاضر کا صیغہ ہے مطلب یہ ہے کہ اگر تم کو یتیموں کے مال کے بارے میں ناانصافی کا اندیشہ ہے تو ان یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے کی صورت میں بھی ناانصافی کا اندیشہ کرو، مطلب یہ ہے کہ ناانصافی کے اندیشہ میں دونوں صورتیں شریک ہیں، اس اشتراک مفہوم پر مفسر علام کا لفظ ایضاً دلالت کر رہا ہے۔
قولہ : اِنکحوھا۔ سوال : جزاء کے لئے جملہ ہونا شرط ہے حالانکہ یہاں جزاء، فَوَاحِدَۃً ، مفرد ہے۔ جواب : مفسر علام نے انکحوا محذوف مان کر اس سوال کے جواب کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ای انکحوا وَاحِدَۃً اس تقدیر کے بعد جزاء جملہ ہوگئی ہے لہٰذا اب کوئی اعتراض نہیں
قولہ : اِقتَصَرُوا علی، یہ عبارت بھی ایک سوال مقدر کا جواب ہے۔
سوال : یہ ہے کہ اَو مَا ملَکتْ کا عطف انکحوا واحدۃً پر ہے جو کہ عطف مفرد علی الجملہ کے قبیل سے ہے حالانکہ یہ جائز نہیں ہے۔
جواب : یہ ہے کہ مفسر علام نے اقتصروا علیٰ محذوف مان کر اسی سوال کا جواب دیا ہے اقتصروا محذوف ماننے کے بعد عطف جملہ علی الجملہ ہوگیا لہٰذا کوئی اعتراض نہیں۔
سوال : معطوف میں فعل محذوف کو کس مصلحت سے بدل دیا ؟ جبکہ معطوف علیہ میں انکحوا فعل محذوف ہے اور معطوف میں اِقْتَصِروا۔ جواب : اگر معطوف میں فعل کو نہ بدلتے تو تقدیر عبارت یہ ہوتی انکحوا مَا ملکت اَیْمَانکم، اور یہ درست نہیں ہے۔ اس لئے کہ باندی سے مالک کا نکاح درست نہیں ہے۔ (ترویح الارواح)
قولہ : عطیۃً عنً طیب نفسٍ یہ اس شبہ کا جواب ہے کہ نحلۃً مصدر (یعنی مفعول مطلق) کیسے ہوسکتا ہے جبکہ مفعول مطلق کے لئے مصدر کا فعل کا فعل کے ہم معنی مونا شرط ہے اور یہاں ایسا نہیں ہے جواب کا حاصل یہ ہے کہ نِحْلَۃً بمعنی عطیۃ ہے لہٰذا اپنے فعل جو کہ آتوا النساء ہے کے ہم معنی ہے اسلئے کہ آتوا، اعطوا کے معنی میں ہے۔
قولہ : ھَنِیْئًا صفت مشبہ (ف ن ض) ھَنَاءً خوش مزہ، پاکیزہ، فعیل، کا وزن واحد جمع سب کے لئے آتا ہے اس لئے یہاں ضمیر واحد سے حال ہے۔ قولہ : مَریْئًا، صفت مشبہ خوشگوار، مَرَاءۃ ٌ مصدر، خوشگوار ہونا (ک ف س) ۔
قولہ : بغَیر حق اس اضافہ سے اس شبہ کو دور کردیا کہ اسراف کے بغیر یتیموں کا مال کھا سکتے ہیں، بغیر حق کا اضافہ کرکے بتادیا کہ ناحق طریقہ سے نہ کھاؤ اسراف ہو یا نہ ہو۔ قولہ : فَلْیَسْتَعْفِفْ (استفعال) واحد مذکر غائب، وہ بچتا رہے، احتراز کرے۔
قولہ : لِئلّا یَقْوَ اختِلافٌ فترجعوا الی البیّنَۃِ ، ای اِنْ وقع اختلافٌ فترجعوا الی البینۃ۔ قولہ : ھذا اَمْرُ اِرْشاد، ای اَمْرُ استحباب، یعنی امام اعظم کے نزدیک گواہ بنانا امر مستحب ہے، اس لئے کہ امام صاحب کے نزدیک اختلاف کی صورت میں ولی کا قول معتبر ہے۔
قولہ : جَعَلَہْ اللہ، اس اضافہ کا مقصد اس بات کی طرف اشارہ کرنا ہے کہ نَصیْبًا، جَعَل فعل محذوف کا مفعول ثانی ہونے کی وجہ سے منصوب ہے نہ کہ مفعول مطلق ہونے کی وجہ سے۔
اللغۃ والبلاغۃ
تَعُوْلُوْا، مضارع جمع مذکر حاضر (ن) مائل ہونا جھکنا، انصاف سے انحراف کرنا، یقال عَالَ المیزانُ اِذَا مَالَ ، وَعَال الحاکم، فی حکمہ : اِذَا جَار۔ فانکحوا مَا طاب لکم، ولم یقل ” مَن “ کما ھو المتبادر فی استعمال ” مَنْ “ کما ھو للعاقل، وَمَا، لغیر العاقل تغلیبًا۔
تفسیر و تشریح
ربط آیات : سورة آل عمران کی آخری آیت تقویٰ پر ختم ہوئی ہے اور یہ سورت تقویٰ کے حکم سے شروع ہو رہی ہے لہٰذا مناسبت ظاہر ہے اس سورت کا نام سورة النساء ہے۔ اس سورت میں چونکہ عورتوں کے بہت سے احکام و مسائل کا ذکر ہے اسی مناسبت سے اس کا نام سورة النساء رکھا گیا ہے۔ یٰایَّھُا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّکُمُ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَۃٍ ، یایُّھَا الناس میں خطاب پوری نوع انسانی سے ہے، خواہ کسی نسل، کسی رنگ، کسی قوم، کسی جنس، کسی ملک کا ہو، قرآن کا پیغام انسانیت تمام بنی آدم کے لیے ہے، بعض مفسرین نے جن میں مفسر علام سیوطی بھی شامل ہیں اس کو اہل مکہ کے لیے خاص سمجھا ہے مگر ان کے پاس کوئی وزنی دلیل تخصیص نہیں ہے، خصوصاً جبکہ سورت مکی بھی نہیں بلکہ بالاتفاق مدنی ہے اور لفظ ناس ہے بھی نوع بشر کے لئے، اب رہا یہ ضابطہ کہ یایّھا الناس سے خطاب اہل مکہ کو ہوتا ہے تو یہ قاعدہ اکثری ہے نہ کہ کلی۔
خِطَابٌ عَامٌّ لِیْس خاصًّا بقومٍ دون قومٍ فلا وَجْہَ تَخْصیْصِھَا بِاَھْلِ مَکَّۃَ ، لَفْظُ ، الناس اسمٌ لجنس البشر۔ (المنار)
وحدت انسانی کی قرآن میں اہمیت، وحدت نوع انسانی کا یہ سبق اپنے عملی اور دور رس نتائج کے لحاظ سے نہایت اہم ہے۔ انسانوں کے جد اعلیٰ ہر گورے اور ہر کالے، ہر وحشی اور ہر مہذب، ہر ہندی اور ہر چینی اور ہر فرنگی کے ایک ہی ہیں اور وہ آدم ہیں یہ نہیں کہ فلاں نسل کے مورث اعلی کوئی اور تھے اور فلاں نسل کے کوئی اور، اور نہ یہ کہ برہمن ذات والے برہماجی کے منہ سے پیدا ہوئے اور چھتری نسل والے ان کے بازو اور سینے سے اور ویش ذات والے ان کے پیٹ سے، اور شودر ذات کے لوگ ان کے پیروں سے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ انسان انسان سب ایک ہیں۔ انسان ہونے کی حیثیت سے نہ کوئی اونچا ہے اور نہ کوئی نیچا، اونچ نیچ اگر ہے تو وہ محض عمل اور کردار کے اعتبار سے ہے زیادہ سے زیادہ نوع انسانی اگر تقسیم ہوسکتی ہے تو وہ یہ کہ نوع انسانی کی دو قسمیں ہیں نیک اور بد۔ خدا ترس اور ناخدا ترس اس کے علاوہ نوع انسانی کی کوئی تیسری قسم نہیں ہے اور عقل اس کو باور بھی نہیں کرتی کہ ایک باپ اولاد کے کچھ افراد کسی دوسرے خطہ ارض میں جا کر آباد ہوجائیں تو وہ ایک الگ نسل ہوجائیں یا ایک باپ کی اولاد میں بعض گورے اور بعض کالے ہوجائیں تو ان کی نسل بھی مختلف ہوجائے یا ایک باپ کی اولاد میں سے بعض ایک لب و لہجہ میں اور دوسرے بعض دوسرے لب و لہجہ میں بات کرنے لگیں تو ان کی نسل ہی بدل جائے۔
انسان کو پیدا کرنے کی مختلف صورتیں اور طریقے ہوسکتے تھے اللہ تعالیٰ نے ان میں سے ایک خاص صورت کا اختیار فرمایا، کہ سب انسانوں کو ایک ہی انسان یعنی حضرت آدم (علیہ السلام) سے پیدا فرما کر سب کو اخوت اور برادری کے مضبوط رشتہ میں باندھا دیا اس کا یہ تقاضہ ہے کہ باہمی ہمدردی اور خیر خواہی کے حقوق پورے ادا کئے جائیں اور ذات پات کی اونچ نیچ اور لونی و نسلی یا لسانی و علاقائی امتیازات کو شرافت و رذالت کا معیار نہ بنایا جائے ” اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللہِ اَتْقَاکُمْ “ دادی حوآء کی تخلیق کی تفصیلی کیفیت سے قرآن مجید یکسر خاموش ہے اور تقریباً یہی حال حدیث کا بھی ہے جس مشہور حدیث کی رو سے حضرت حوآء کا آدم کی پسلی سے پیدا ہونا بیان کیا جاتا ہے اس میں ذکر نہ حضرت آدم (علیہ السلام) کا ہے اور نہ حضرت حوآء کا، بلکہ محض عورت کی پیدائش اور اس کی کج سرشتی کا بیان ہے (ماجدی) آثار میں جو روایت ملتی ہے وہ روایت، تورات کی آواز کی بازگشت ہے اور تورات کا بیان حسب ذیل ہے۔
” خداوند نے آدم پر پیاری نیند بھیجی کہ وہ سو گیا اور اس نے اس کی پسلیوں میں سے ایک پسلی نکالی اور اس کے بدلے گوشت بھر دیا۔ اور خداوند خدا نے اس پسلی سے جو آدم سے نکالی تھی ایک صورت بنا کر آدم کے پاس بھیجی “۔ (پیدائش ٢٣، ٢٢: ٢)
وَخَلَقَ مِنْھَا زَوْجَھَا، میں مِنْھَا کی ضمیر نفس کی طرف راجع ہے جس سے حضرت آدم (علیہ السلام) مراد ہیں یعنی آدم سے ان کی بیوی حضرت حوآء کو پیدا کیا، حضرت آدم سے حواء کس طرح پیدا ہوئیں اس کی قدرے تفصیل تورات کی عبارت سے اوپر گزر چکی ہے، اسی مضمون کو ایک حدیث میں اس طرح بیان کیا گیا ہے، ” اِنَّ المرأۃ خُلِقَتْ مِنْ ضِلْعٍ واِنَّ اَعْوَجَ شیْءٍ فی الضلع اَعْلاہُ “ (صحیح بخاری بدء الخلق) عورت ٹیڑھی پسلی سے پیدا کی گئی ہے اور پسلی میں سب سے ٹیڑھا حصہ اس کا بالائی حصہ ہے اگر تو اسے سیدھا کرنا چاہیے تو توڑ بیٹھے گا اور اگر تو اس سے فائدہ اٹھانا چاہے تو کجی کے ساتھ ہی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ مِنْھا، کی ضمیر ھا، عموماً نفس کی طرف لوٹائی گئی ہے لیکن ایک قول یہ بھی نقل ہوا ہے کہ منھا یہاں من جنسھا کے مرادف ہے۔
القول الثانی : ماھو اختار ابو مسلم الاصفھانی أنّ المرادَ من قولہ ” خَلَقَ منھا زَوْجَھَا “ ای من جنسھا (کبیر) ویحتملُ ان یکون المعنی من جنسہٖ لامن نفسہٖ حقیقۃً (نھر) اور یہی قول ابو مسلم کے علاوہ ابن بحر سے بھی منقول ہے اور نفس کو جنس کے معنی میں قرآن مجید میں بار بار لایا گیا ہے جیسا کہ صاحب منار نے تصریح کے ساتھ اپنے یہاں نقل کیا ہے۔ اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ عورت کی پیدائش ٹیڑھی پسلی سے محض بہ طور تشبیہ کے ارشاد فرمائی گئی ہو اور مقصود محض اس کی کج روی کو بیان کرنا ہو جیسا کہ مذکورہ حدیث کا مضمون اس کی کھلی تائید کرتا ہے۔ اور یہ ایسا ہی ہے جیسا کہ قرآن میں انسان کی پیدائش کو ” خُلِقَ الانسان من عجل “ کہہ کر جلد بازی اور شتابی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
یَحْتَمِلُ اَنْ یکونَ ذلک علی جھۃِ التمثیل لاضطراب اَخْلاقِھِنّ وکونھن لا یَثْبُتْنَ علی حالۃٍ وَاحِدَۃٍ کما جاء خُلِقَ الانسان مِنْ عجلٍ (الآیۃ
اس معنی کی تائید اس امر سے بھی ہوتی ہے کہ حدیث میں ذکر جنس عورت کا ہے نہ کہ شخصاً حضرت حواء کا اور بعض شارحین حدیث اسی طرف گئے ہیں، مثلا کرمانی حدیث مذکورہ کی شرح میں لکھتے ہیں کہ یہ فطرت نسوانی کی کجی کی طرف صرف اشارہ ہے (مجمع ابحار الانوار۔ جلد ٢) بخاری شریف کی ایک حدیث میں تو بالکل صاف ہے کہ عورت مثل پسلی کے ہے۔
عن ابی ہریرہ انّ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) قال المرأۃُ کا لضلع اِن اَقَمْتَھَا کسَرْتَھَا (بخاری کتاب انکاح) پسلی بول کر کجی اور انحراف کی طرف اشارہ ہے۔ وَالارحام، اس کا عطف، اللہ، پر ہے مطلب یہ ہے کہ اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو، اور رشتے باطے توڑنے سے بھی بچو، اس سے مَحرْمَ اور غیر مَحرْمَ دونوں رشتے مراد ہیں رشتے ناطوں کو توڑنا سخت گناہ ہے جسے قطع رحمی کہتے ہیں حدیث میں قطع رحمی کرنے والے کیلئے سخت وعید وارد ہوئی ہے ورد فی الحدیث الرحم معلقۃ بالعرش تقول الا مَن وصلنی وَصَلَہٗ اللہ ومَن قطعنی قطعہ اللہ، رحم عرش الہیٰ دعا کرتا رہتا ہے کہ مجھے جو جوڑے رکھے اللہ اسے جوڑے رکھے اور جو مجھے کاٹے اللہ اسے کاٹے۔ اور صلہ رحمی کی بڑی تاکید اور فضیلت آئی ہے۔
10 Tafsir as-Saadi
اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس سورت کا افتتاح تقویٰ کے حکم، اپنی عبادت کی تاکید اور صلہ رحمی کے حکم اور اس کی تاکید سے کیا ہے۔ اور ان اسباب کو بیان کیا ہے جو ان تمام امور کے موجب ہیں اور تقویٰ کا موجب یہ ہے ﴿رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُم ﴾” وہ تمہارا رب ہے جس نے تمہیں پیدا کیا“ تمہیں رزق عطا کیا اور بڑی بڑی نعمتوں کے ذریعے سے تمہاری تربیت کی اور ان جملہ نعمتوں میں سے ایک نعمت یہ ہے کہ اس نے تمہیں پیدا کیا ﴿مِّن نَّفْسٍ وَاحِدَةٍ وَخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا ﴾ ” ایک ہی جان سے اور اس سے اس کا جوڑا پیدا کیا“ تاکہ وہ اس کے مشابہ اور مناسب ہو اور اسے اس کے پاس سکون حاصل ہو، اس سے اللہ تعالیٰ کی نعمت کی تکمیل ہو اور اس سے فرحت و سرور حاصل ہو۔ اسی طرح تقویٰ کا موجب اور اس کا داعی اس کے نام پر تمہارا ایک دوسرے سے سوال کرنا اور تمہارا تعظیم کرنا ہے۔ حتیٰ کہ جب تم اپنی کوئی ضرورت پوری کرنا چاہتے ہو تو تم اپنے سوال میں اس کا وسیلہ اختیار کرتے ہو۔
پس جو کوئی دوسرے کے لیے یہ چاہتا ہے تو وہ کہتا ہے ” میں اللہ کے نام پر تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ تو فلاں کام کر“ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس کے دل میں اللہ تعالیٰ کی عظمت جا گزیں ہے جو اس بات کی متقاضی ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کو رد نہ کرے جو اللہ تعالیٰ کے نام پر سوال کرتا ہے جیسا کہ تم نے اس کی اس ذریعہ سے تعظیم کی ہے پس تمہیں چاہئے کہ تم اس کی عبادت اور تقویٰ کے ذریعے سے اس کی تعظیم کرو۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے یہ بھی آگاہ فرمایا ہے کہ وہ نگہبان ہے وہ بندوں کی حرکات و سکنات، ان کے کھلے چھپے تمام احوال میں ان کی خبر رکھتا ہے اور ان احوال میں ان کا نگہبان ہے اللہ تعالیٰ کا نگہبان ہونا جن امور کا موجب بنتا ہے ان میں تقویٰ کے التزام کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ سے حیا کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی اس خبر میں کہ اس نے انہیں ایک جان سے تخلیق کیا ہے اور اس نے ان کو روئے زمین کے کناروں تک پھیلایا جبکہ وہ ایک ہی اصل کی طرف لوٹتے ہیں۔۔۔ مقصد یہ ہے کہ بندے ایک دوسرے کے ساتھ مہربانی اور نرمی کے ساتھ پیش آیا کریں۔
اللہ تعالیٰ نے تقویٰ کا حکم، صلہ رحمی کے حکم اور قطع رحمی کی ممانعت کے ساتھ ملا کر بیان فرمایا تاکہ یہ حق موکد ہوجائے۔ یعنی جس طرح حقوق اللہ کو قائم کرنا لازمی ہے اسی طرح حقوق العباد کو قائم کرنا بھی لازم ہے۔ خاص طور پر رشتہ داروں کے حقوق کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔ بلکہ رشتہ داروں کے حقوق کو قائم کرنا تو حقوق اللہ میں شمار ہوتا ہے جن کو قائم کرنے کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے۔ غور کیجیے کہ اللہ نے کیسے اس سورت کا افتتاح تقویٰ کے اختیار کرنے، صلہ رحمی اور عمومی طور پر بیویوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کے حکم کے ساتھ کیا، پھر اس کے بعد اس سورت میں اس کی ابتدا سے لے کر انتہا تک ان تمام امور کی پوری تفصیلات بیان ہوئی ہیں گویا یہ سورۃ مبارکہ مذکورہ امور کی ان تفصیلات کو بیان کرتی ہے جن کو مجمل رکھا گیا تھا اور ان امور کو اضح کرتی ہے جو مبہم تھے۔
اللہ تبارک کے ارشاد﴿وَخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا ﴾ ” اور پیدا کیا اس سے اس کا جوڑا“ میں شوہروں اور بیویوں کے حقوق کی مراعات پر تنبیہ ہے اور ان کو قائم کرنے کی طرف اشارہ ہے۔ کیونکہ بیویاں بھی شوہروں ہی کی صلب سے پیدا کی گئی ہیں۔ پس شوہروں اور بیویوں کے درمیان قریب ترین نسب، مضبوط ترین اتصال اور نہایت قوی رشتہ ہے۔
11 Mufti Taqi Usmani
aey logo ! apney perwerdigar say daro jiss ney tumhen aik jaan say peda kiya , aur ussi say uss ki biwi peda ki , aur unn dono say boht say mard aur aurten ( duniya mein ) phela diye . aur Allah say daro jiss ka wasta dey ker tum aik doosray say apney huqooq maangtay ho , aur rishta daariyon ( ki haq talfi say ) daro . yaqeen rakho kay Allah tumhari nigrani ker-raha hai .
12 Tafsir Ibn Kathir
محبت و مودت کا آفاقی اصول
اللہ تعالیٰ اپنے تقوے کا حکم دیتا ہے کہ جسم سے اسی ایک ہی کی عبادتیں کی جائیں اور دل میں صرف اسی کا خوف رکھا جائے، پھر اپنی قدرت کاملہ کا بیان فرماتا ہے کہ اس نے تم سب کو ایک ہی شخص یعنی حضرت آدم (علیہ السلام) سے پیدا کیا ہے، ان کی بیوی یعنی حضرت حوا (علیہما السلام) کو بھی انہی سے پیدا کیا، آپ سوئے ہوئے تھے کہ بائیں طرف کی پسلی کی پچھلی طرف سے حضرت حوا کو پیدا کیا، آپ نے بیدار ہو کر انہیں دیکھا اور اپنی طبیعت کو ان کی طرف راغب پایا اور انہیں بھی ان سے انس پیدا ہوا، حضرت ابن عباس فرماتے ہیں عورت مرد سے پیدا کی گئی ہے اس لئے اس کی حاجت و شہوت مرد میں رکھی گئی ہے اور مرد زمین سے پیدا کئے گئے ہیں اس لئے ان کی حاجت زمین میں رکھی گئی ہے۔ پس تم اپنی عورتوں کو روکے رکھو، صحیح حدیث میں ہے عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہے اور سب سے بلند پسلی سب سے زیادہ ٹیڑھی ہے پس اگر تو اسے بالکل سیدھی کرنے کو جائے گا تو توڑ دے گا اور اگر اس میں کچھ کجی باقی چھوڑتے ہوئے فائدہ اٹھانا چاہے گا تو بیشک فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ پھر فرمایا ان دونوں سے یعنی آدم اور حوا سے بہت سے انسان مردو عورت چاروں طرف دنیا میں پھیلا دیئے جن کی قسمیں صفتیں رنگ روپ بول چال میں بہت کچھ اختلاف ہے، جس طرح یہ سب پہلے اللہ تعالیٰ کے قبضے میں تھے اور پھر انہیں اس نے ادھر ادھر پھیلا دیا، ایک وقت ان سب کو سمیٹ کر پھر اپنے قبضے میں کر کے ایک میدان میں جمع کرے گا۔ پس اللہ سے ڈرتے رہو اس کی اطاعت عبادت بجا لاتے رہو، اسی اللہ کے واسطے سے اور اسی کے پاک نام پر تم آپس میں ایک دوسرے سے مانگتے ہو، مثلاً یہ کہ ان میں تجھے اللہ کو یاد دلا کر اور رشتے کو یاد دلا کر یوں کہتا ہوں اسی کے نام کی قسمیں کھاتے ہو اور عہد و پیمان مضبوط کرتے ہو، اللہ جل شانہ سے ڈر کر رشتوں ناتوں کی حفاظت کرو انہیں توڑو نہیں بلکہ جوڑو صلہ رحمی نیکی اور سلوک آپس میں کرتے رہو ارحام بھی ایک قرأت میں ہے یعنی اللہ کے نام پر اور رشتے کے واسطے سے، اللہ تمہارے تمام احوال اور اعمال سے واقف ہے خوب دیکھ بھال رہا ہے، جیسے اور جگہ ہے آیت (واللہ علی کلی شئی شہید) اللہ ہر چیز پر گواہ اور حاضر ہے، صحیح حدیث میں ہے اللہ عزوجل کی ایسی عبادت کر کہ گویا تو اسے دیکھ رہا ہے پس اگر تو اسے نہیں دیکھ رہا تو وہ تو تجھے دیکھ ہی رہا ہے، مطلب یہ ہے کہ اس کا لحاظ رکھو جو تمہارے ہر اٹھنے بیٹھنے چلنے پھرنے پر نگراں ہے، یہاں فرمایا گیا کہ لوگو تم سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہو ایک دوسرے پر شفقت کیا کرو، کمزور اور ناتواں کا ساتھ دو اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرو، صحیح مسلم شریف کی ہو حدیث میں ہے کہ جب قبیلہ مضر کے چند لوگ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس چادریں لپیٹے ہوئے آئے کیونکہ ان کے جسم پر کپڑا تک نہ تھا تو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے کھڑے ہو کر نماز ظہر کے بعد وعظ بیان فرمایا جس میں اس آیت کی تلاوت کی پھر آیت (يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ۚ وَاتَّقُوا اللّٰهَ ۭ اِنَّ اللّٰهَ خَبِيْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ ) 59 ۔ الحشر :18) کی تلاوت کی پھر لوگوں کو خیرات کرنے کی ترغیب دی چناچہ جس سے جو ہوسکا ان لوگوں کے لئے دیا درہم و دینار بھی اور کھجور و گیہوں بھی یہ حدیث، مسند اور سنن میں خطبہ حاجات کے بیان میں ہے پھر تین آیتیں پڑھیں جن میں سے ایک آیت یہی ہے۔