ہود آية ۵۰
وَاِلٰى عَادٍ اَخَاهُمْ هُوْدًا ۗ قَالَ يٰقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰهَ مَا لَـكُمْ مِّنْ اِلٰهٍ غَيْرُهٗ ۗ اِنْ اَنْتُمْ اِلَّا مُفْتَرُوْنَ
طاہر القادری:
اور (ہم نے) قومِ عاد کی طرف ان کے بھائی ہود (علیہ السلام) کو (بھیجا)، انہوں نے کہا: اے میری قوم اﷲ کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارے لئے کوئی معبود نہیں، تم اﷲ پر (شریک رکھنے کا) محض بہتان باندھنے والے ہو،
English Sahih:
And to Aad [We sent] their brother Hud. He said, "O my people, worship Allah; you have no deity other than Him. You are not but inventors [of falsehood].
1 Abul A'ala Maududi
اور عاد کی طرف ہم نے ان کے بھائی ہودؑ کو بھیجا اُس نے کہا "اے برادران قوم، اللہ کی بندگی کرو، تمہارا کوئی خدا اُس کے سوا نہیں ہے تم نے محض جھوٹ گھڑ رکھے ہیں
2 Ahmed Raza Khan
اور عاد کی طرف ان کے ہم قوم ہود کو کہا اے میری قوم! اللہ کو پوجو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، تم تو بڑے مفتری (بالکل جھوٹے الزام عائد کرنے والے) ہو
3 Ahmed Ali
اور ہم نے عاد کی طرف ان کے بھائی ہود کو بھیجا اے قوم الله کی بندگی کرو اس کے سوا تمہارا کوئی حاکم نہیں تم سب جھوٹ کہتے ہو
4 Ahsanul Bayan
اور قوم عاد کی طرف سے ان کے بھائی ہود کو ہم (١) نے بھیجا، اس نے کہا میری قوم والو! اللہ ہی کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، تم صرف بہتان باندھ رہے ہو (٢)۔
٥٠۔١ بھائی سے مراد انہی کی قوم کا ایک فرد۔
٥٠۔٢ یعنی اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک ٹھہرا کر تم اللہ پر جھوٹ باندھ رہے ہو۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
اور ہم نے عاد کی طرف ان کے بھائی ہود (کو بھیجا) انہوں نے کہا کہ میری قوم! خدا ہی کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ تم (شرک کرکے خدا پر) محض بہتان باندھتے ہو
6 Muhammad Junagarhi
اور قوم عاد کی طرف ان کے بھائی ہود کو ہم نے بھیجا، اس نے کہا میری قوم والو! اللہ ہی کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، تم تو صرف بہتان باندھ رہے ہو
7 Muhammad Hussain Najafi
اور ہم نے قومِ عاد کی طرف ان کے بھائی ہود کو بھیجا۔ انہوں نے کہا اے میری قوم! اللہ ہی کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی الٰہ نہیں ہے تم محض افترا پردازی کر رہے ہو۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اور ہم نے قوم عاد کی طرف ان کے بھائی ہود کو بھیجا تو انہوں نے کہا قوم والو اللہ کی عبادت کرو-اس کے علاوہ تمہارا کوئی معبود نہیں ہے.تم صرف افترا کرنے والے ہو
9 Tafsir Jalalayn
اور ہم نے عدا کی طرف ان کے بھائی ہود کو (بھیجا) انہوں نے کہا کہ میری قوم ! خدا ہی کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ تم (شرک کرکے خدا پر) محض بہتان باندھتے ہو۔
آیت نمبر ٥٠ تا ٦٠
ترجمہ : اور ہم نے عاد کی جانب ان کے خاندانی بھاءی ہود کو بھیجا، ہود نے کہا اے میری قوم کے لوگو اللہ کی بندگی کرو) یعنی ( اس کی توحید کا اقرار کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، مِنْ زائدہ ہے تم بتوں کی بندگی کرکے اللہ پر بہتان لگاتے ہو، اے میری قوم میں تم سے توحید کی) تبلیغ ( پر کوئی اجرت نہیں چاہتا میرا اجر تو اس پر ہے جس نے مجھے پیدا کیا ہے، کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے ؟ اے میری قوم کے لوگو تم اپنے رب سے شرک کی معافی مانگو پھر اطاعت کے ذریعہ اس کی طرف رجوع کرو وہ تم کو زور دار بارش عطا کریگا) حال یہ کہ ( ان سے بارش کو روک لیا گیا تھا، اور تمہاری) موجودہ ( قوت میں مال اور اولاد کے ذریعہ مزید قوت کا اضافہ کرے گا، اور مشرک بن کر بےرخی مت کرو، ان لوگوں نے جواب دیا اے ہود تو ہمارے پاس اپنے دعوے پر کوئی صریح دلیل لے کر نہیں آیا اور ہم تیرے کہنے کی وجہ سے اپنے معبودوں کو نہیں چھوڑیں گے اور تجھ پر ہم ایمان لانے والے نہیں ہیں اور ہم تو تمہارے بارے میں یہ سمجھتے ہیں کہ تو ہمارے معبودوں میں سے کسی کی جھپٹ میں آگیا ہے چناچہ تیرے اس کو برا کہنے کی وجہ سے اس نے تجھ کو باولا بنادیا ہے، اسی وجہ سے تو بیہودہ باتیں کر رہا ہے، ) ہود (علیہ السلام) نے ( جواب دیا میں تو اپنے اوپر اللہ کو گراہ بناتا ہوں اور تم بھی گواہ رہو میں تو غیر اللہ سے جن کو تم اس کا شریک ٹھہراتے ہو بیزار ہوں تم اور تمہارے بت، سب مل کر میرے ساتھ مکر کرلو میری ہلاکت کی تدبیر کرلو، اور پھر مجھے ذرا بھی مہلت مت دو میرا بھروسہ تو اللہ پر ہے جو میرا بھی رب ہے اور تمہارا بھی، کوئی جاندار زمین پر چلنے والا ایسا نہیں کہ اس کی چوٹی اس کے ہاتھ میں نہ ہو، یعنی وہ اس کا مالک اور اس پر غالب ہے، لہٰذا کوئی نفع نقصان اس کی اجازت کے بغیر نہیں، ناصیۃ) چوٹی ( کا خاص طور پر ذکر اس وجہ سے کیا گیا ہے کہ جس کی چوٹی پکڑی گئی وہ غایت ذلت میں ہوتا ہے، بیشک میرا رب سیدھی راہ پر ہے یعنی حق و انصاف کے راستہ پر ہے، اگر تم روگردانی کرو گے تو جو پیغام دے کر میں بھیجا گیا تھا وہ میں تم کو پہنچا چکا اور میرا رب تمہاری جگہ دوسری قوم لائیگا اور شرک کرکے تم اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، یقیناً میرا رب ہر چیز پر نگراں ہے، اور جب ہمارا عذاب آگیا تو ہم نے ہود (علیہ السلام) کو اور ان کو جو اس پر ایمان لائے اپنی) خصوصی ( رحمت سے بچا لیا اور ان کو ایک سخت عذاب سے نجات دی اور یہ ہے قوم عاد، یہ اشارہ ان کے آثار) وخرابات ( کی طرف ہے سو تم زمین میں سفر کرو اور ان آثار کو دیکھو، پھر ان کے احوال کو بیان کیا جنہوں نے اپنے رب کی آیتوں کو جھٹلایا اور اپنے رسولوں کی نافرمانی کی) رُسُل ( کو جمع لائے ہیں اس لئے کہ جس نے ایک رسول کی نافرمانی کی اس نے تمام رسولوں کی نافرمانی کی، تمام رسولوں کے ان اصولوں میں شریک ہونے کی وجہ سے جن کو وہ لائے ہیں اور وہ توحید ہے، اور یہ احمق اپنے روساء میں سے ہر جبار اور دشمن حق کی پیروی کرتے رہے) آخر کار ( اس دنیا میں بھی لوگوں کی ان پر لعنت پڑی اور قیامت کے روز بھی سب مخلوق کے سامنے) ان پر لعنت ہوگی ( سنو، عاد نے اپنے رب کا انکار کیا، سنو، ہود (علیہ السلام) کی قوم عاد کیلئے اللہ کی رحمت سے دوری ہے۔
تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد
قولہ : وَاَرْسَلْنَا الخ اس کا عطف نوحاً الی قومہ پر ہے، اس کو عطف قصہ علی القصہ کہتے ہیں۔
قولہ : ھودًا یہ اَخَاھم کا عطف بیان ہے۔ قولہ : ای لقولکَ عن کی تفسیر لام سے کرکے اشارہ کردیا کہ عن تعلیلیہ ہے۔
قولہ : اِعتراکَ ) اعتراء افتعال ( ماضی واحد مذکر غائب پیش آنا، قصد کرنا، لاحق ہونا، مصیبت میں مبتلا کرنا۔
قولہ : بسُوء، میں باء تعدیہ کے لئے ہے۔
سوال : اِیَّاھا کی ضمیر لفظ بعض کی طرف راجع ہے، حالانکہ لفظ بعض مذکر ہے ضمیر اور مرجع میں مطابقت نہیں ہے۔
جواب : مضاف الیہ کی رعایت کرتے ہوئے ایاھا مونث کی ضمیر لائے ہیں۔
قولہ : اشارۃ اِلیٰ آثارھم، یہ اضافہ اس سوال کا جواب ہے کہ تِلکَ عَاد مبتداء خبر ہے عاد مذکر ہے لہٰذا تلک کے بجائے ھذا ہونا چاہیے، جواب کا حاصل یہ ہے کہ اس کی خبر آثار ہے جو کہ محذوف ہے ای تلک الآثار آثار عاد۔
قولہ : عنید، عناد رکھنے والا، سرکش ضدی، جمع عُنُد۔
تفسیر و تشریح
آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے معاصرہ و مشرکین کے سامنے توحید و رسالت نیز حشر و نشر پر روشن اور واضح دلائل پیش کرنے کے بعد تاکید و تفنن کے طور پر انبیاء سابقین کے ساتھ ان کی قوم کے معاملات و واقعات بیان فرمائے ہیں، یہاں حضرت ہود (علیہ السلام) کو قوم عاد کا بھائی بتایا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ہود (علیہ السلام) اسی قوم کے ایک فرد تھے باہر سے آئے ہوئے نہیں تھے۔ اس رکوع کی پہلی گیارہ آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے حضرت ہود (علیہ السلام) کا ذکر فرمایا ہے اور ان ہی کے نام سے یہ سورت موسوم ہے اس سورت میں حضرت نوح (علیہ السلام) سے لے کر سات انبیاء اور ان کی قوم کے واقعات مذکور ہیں، جن میں عبرت اور موعظت کے ایسے مظاہر موجود ہیں کہ جس کے دل میں ذرا بھی حیات اور شعور باقی ہے وہ ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ہود (علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے قوم عاد کی طرف مبعوث فرمایا یہ قوم اپنے ڈیل ڈول اور زور و قوت میں پورے عالم میں ممتاز تھی، مگر یہ قوم اتنی بہادر اور قوی ہونے کے باوجود اپنی عقل و فکر کھو بیٹھی تھی، جس کی وجہ سے خود تراشیدہ پتھر کی مورتیوں کو اپنا معبود بنا رکھا تھا۔
ہود (علیہ السلام) کی دعوت کی تین اصولی باتیں : حضرت ہود (علیہ السلام) نے اپنی دعوت میں تین اصولی باتیں پیش کیں اول دعوت توحید اور یہ کہ اللہ کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں غیر اللہ کو لائق عبادت سمجھنا اللہ پر بہتان اور افتراء ہے دوسرے یہ کہ تم میری بات پر سنجیدگی سے غور نہیں کرتے یہ اس بات کی دلیل ہے کہ تم عقل سے کام نہیں لیتے اگر تم عقل سے کام لیتے ہوتے تو تم ضرور سوچتے کہ جو شخص اپنی کسی ذاتی غرض کے بغیر دعوت و تبلیغ کی یہ سب مشقتیں جھیل رہا ہے اور اس نے تذکیر و نصیحت کے لئے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا ہے نہ کچھ اجرت طلب کرتا ہے نہ مدح و ستائش کا طالب آخر ضرورت کیا تھی کہ وہ تمہیں دعوت دینے اور تمہاری اصلاح کرنے میں اتنی محنت برداشت کرتا۔
وعظ و نصیحت اور دعوت دین پر اجرت : قرآن کریم نے یہ بات تقریباً تمام انبیاء کی زبان سے نقل کی ہے کہ ہم تم سے اپنی دعوت و محنت کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کرتے، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر دعوت و تبلیغ کا معاوضہ لیا جائے تو دعوت موثر نہیں رہتی، اس بات پر تجربہ شاہد ہے کہ وعظ و نصیحت پر اجرت لینے والوں کی بات سامعین پر اثر انداز نہیں ہوتی۔
تیسری بات یہ فرمائی کہ گذشتہ زندگی میں تم سے جو قصور اور کو تاہیاں ہوئی ہیں، ان سے معافی مانگو، اور آئندہ کیلئے پختہ ارادہ اور عہد کرو کہ اب ان کے پاس نہ جائیں گے، اس کے نتیجے میں آخرت کی دائمی فلاح تو ملے گی ہی دنیا میں بھی اس کے بڑے فوائد و برکات کا مشاہدہ کرو گے۔
ان۔۔۔ اعتراک الخ قوم نے حضرت ہود (علیہ السلام) کی دل دوز اور دل سوز نصیحتوں کا جواب یہ دیا کہ ہمیں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے دیوی دیوتاوں اور ہمارے معبودوں کی برائی وعیب جوئی کرنے کی وجہ سے تو ہمارے کسی دیوتا کی جھپٹ میں آگیا ہے اور اسی کی مار کا نتیجہ ہے کہ تو بہکی بہکی باتیں کرنے لگا ہے۔
انی۔۔۔ اللہ الخ یہ قوم کی اس بات کا جواب ہے کہ چونکہ تو ہمارے معبودوں کی برائی کرتا ہے اور ان کی نکتہ چینی کرتا ہے جس کا یہ لازمی نتیجہ ہے کہ تو ہمارے کسی دیوتا کی جھپٹ میں آگیا ہے، جواب کا حاصل یہ ہے کہ میرے خلاف تم سے جتنی ہوسکے مکروسازشیں کرو اور ساتھ اپنے معبودوں کو بھی بلا لو اور سب مل کر میرے خلاف تدبیر کرو تم میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے اس لئے کہ میرا توکل اور بھروسہ تو اللہ تعالیٰ پر ہے۔
10 Tafsir as-Saadi
﴿ وَإِلَىٰ عَادٍ﴾ ” اور عاد کی طرف‘‘ یعنی ہم نے عاد کی طرف مبعوث کیا ” عاد“ ایک معروف قبیلہ تھا جو سر زمین یمن میں وادی احقاف میں آباد تھا۔ ﴿ أَخَاهُمْ ﴾ ” ان کے بھائی۔“ نسب میں ان کے بھائی ﴿هُودًا ﴾ ” ہود کو“ تاکہ وہ ان سے علم حاصل کرسکیں۔ ﴿ قَالَ﴾ ہود علیہ السلام نے ان سے کہا۔“ ﴿يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّـهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَـٰهٍ غَيْرُهُ ۖ إِنْ أَنتُمْ إِلَّا مُفْتَرُونَ﴾ ” اے میری قوم ! اللہ کی عبادت کرو، تمہارے لئے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ تم بہتان باندھتے ہو“ یعنی ہود علیہ السلام نے ان کو صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت سے منع کیا اور انھیں آگاہ کیا کہ انھوں نے غیراللہ کی عبادت کو اختیار کرکے اور اس کو جائز قرار دے کر اللہ تعالیٰ پر بہتان طرازی کی ہے اور ان پر اللہ تعالیٰ کی عبادت کے وجوب اور ماسوا کی عبادت کے فساد کو واضح فرمایا۔
11 Mufti Taqi Usmani
aur qoam-e-aad kay paas hum ney unn kay bhai Hood ko payghumber bana ker bheja . unhon ney kaha : aey meri qoam ! Allah ki ibadat kero . uss kay siwa tumhara koi mabood nahi hai . tumhari haqeeqat iss kay siwa kuch nahi kay tum ney jhooti baaten tarash rakhi hain .
12 Tafsir Ibn Kathir
قوم ہود کی تاریخ
اللہ تعالیٰ نے حضرت ہود (علیہ السلام) کو ان کی قوم کی طرف اپنا رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بنا کر بھیجا، انہوں نے قوم کو اللہ کی توحید کی دعوت دی۔ اور اس کے سوا اوروں کی پوجا پاٹ سے روکا۔ اور بتلایا کہ جن کو تم پوجتے ہو ان کی پوجا خود تم نے گھڑ لی ہے۔ بلکہ ان کے نام اور وجود تمہارے خیالی ڈھکوسلے ہیں۔ ان سے کہا کہ میں اپنی نصیحت کا کوئی بدلہ اور معاوضہ تم سے نہیں چاہتا۔ میرا ثواب میرا رب مجھے دے گا۔ جس نے مجھے پیدا کیا ہے۔ کیا تم یہ موٹی سی بات بھی عقل میں نہیں لاتے کہ یہ دنیا آخرت کی بھلائی کی تمہیں راہ دکھانے والا ہے اور تم سے کوئی اجرت طلب کرنے والا نہیں۔ تم استغفار میں لگ جاؤ، گذشہ گناہوں کی معافی اللہ تعالیٰ سے طلب کرو۔ اور توبہ کرو، آئندہ کے لیے گناہوں سے رک جاؤ۔ یہ دونوں باتیں جس میں ہوں اللہ تعالیٰ اس کی روزی اس پر آسان کرتا ہے۔ اس کا کام اس پر سہل کرتا ہے۔ اس کی نشانی کی حفاظت کرتا ہے۔ سنو ایسا کرنے سے تم پر بارشیں برابر عمدہ اور زیادہ برسیں گی اور تمہاری قوت وطاقت میں دن دونی رات چوگنی برکتیں ہوں گے۔ حدیث شریف میں ہے جو شخص استغفار کو لازم پکڑ لے اللہ تعالیٰ اسے ہر مشکل سے نجات دیتا ہے، ہر تنگی سے کشادگی عطا فرماتا ہے اور روزی تو اسی جگہ سے پہنچاتا ہے جو خود اس کے خواب و خیال میں بھی ہو۔