اور یہود کہتے ہیں کہ نصرانیوں کی بنیاد کسی شے (یعنی صحیح عقیدے) پر نہیں اور نصرانی کہتے ہیں کہ یہودیوں کی بنیاد کسی شے پر نہیں، حالانکہ وہ (سب اللہ کی نازل کردہ) کتاب پڑھتے ہیں، اسی طرح وہ (مشرک) لوگ جن کے پاس (سرے سے کوئی آسمانی) علم ہی نہیں وہ بھی انہی جیسی بات کرتے ہیں، پس اللہ ان کے درمیان قیامت کے دن اس معاملے میں (خود ہی) فیصلہ فرما دے گا جس میں وہ اختلاف کرتے رہتے ہیں،
English Sahih:
The Jews say, "The Christians have nothing [true] to stand on," and the Christians say, "The Jews have nothing to stand on," although they [both] recite the Scripture. Thus do those who know not [i.e., the polytheists] speak the same as their words. But Allah will judge between them on the Day of Resurrection concerning that over which they used to differ.
1 Abul A'ala Maududi
یہودی کہتے ہیں: عیسائیوں کے پاس کچھ نہیں عیسائی کہتے ہیں: یہودیوں کے پاس کچھ نہیں حالانکہ دونوں ہی کتاب پڑھتے ہیں اور اسی قسم کے دعوے ان لوگوں کے بھی ہیں، جن کے پاس کتاب کا علم نہیں ہے یہ اختلافات جن میں یہ لوگ مبتلا ہیں، ان کا فیصلہ اللہ قیامت کے روز کر دے گا
2 Ahmed Raza Khan
اور یہودی بولے نصرانی کچھ نہیں اور نصرانی بولے یہودی کچھ نہیں حالانکہ وہ کتاب پڑھتے ہیں، اسی طرح جاہلوں نے ان کی سی بات کہی تو اللہ قیامت کے دن ان میں فیصلہ کردے گا جس بات میں جھگڑ رہے ہیں-
3 Ahmed Ali
اور یہود کہتے ہیں کہ نصاریٰ ٹھیک راہ پر نہیں اور نصاریٰ کہتے ہیں کہ یہودی راہے حق پر نہیں ہیں حالانکہ وہ سب کتاب پڑھتے ہیں ایسی ہی باتیں وہ لوگ بھی کہتے ہیں جو بے علم ہیں پھر الله قیامت کے دن ان باتوں کا کہ جس میں وہ جھگڑ رہے ہیں خودفیصلہ کرے گا
4 Ahsanul Bayan
یہود کہتے ہیں کہ نصرانی حق پر نہیں (١) اور نصرانی کہتے ہیں کہ یہودی حق پر نہیں، حالانکہ یہ سب لوگ تورات پڑھتے ہیں۔ اسی طرح ان ہی جیسی بات بےعلم بھی کہتے ہیں (٢) قیامت کے دن اللہ ان کے اس اختلاف کا فیصلہ ان کے درمیان کر دے گا۔
١١٣۔١ یہودی تورات پڑھتے ہیں جس میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زبان سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تصدیق موجود ہے، لیکن اس کے باوجود یہودی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تکفیر کرتے تھے۔ عیسائیوں کے پاس انجیل موجود ہے جس میں حضرت موسیٰ علیہ السلام اور تورات کے مِنْ عِنْد اللہ ہونے کی تصدیق ہے اس کے باوجود یہ یہودیوں کی تکفیر کرتے ہیں، یہ گویا اہل کتاب کے دونوں فرقوں کے کفر و عناد اور اپنے اپنے بارے میں خوش فہمیوں میں مبتلا ہونے کو ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ١١٣۔٢ اہل کتاب کے مقابلے میں عرب کے مشرکین ان پڑھ تھے، اس لئے انہیں بےعلم کہا گیا، لیکن وہ بھی مشرک ہونے کے باوجود یہود اور نصاریٰ کی طرح، اس باطل میں مبتلا تھے کہ وہ یہ حق پر ہیں۔ اسی لئے وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو صابی یعنی بےدین کہا کرتے تھے۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
اور یہودی کہتے ہیں کہ عیسائی رستے پر نہیں اور عیسائی کہتے ہیں کہ یہودی رستے پر نہیں۔ حالانکہ وہ کتاب (الہٰی) پڑھتے ہیں۔ اسی طرح بالکل انہی کی سی بات وہ لوگ کہتے ہیں جو (کچھ) نہیں جانتے (یعنی مشرک) تو جس بات میں یہ لوگ اختلاف کر رہے خدا قیامت کے دن اس کا ان میں فیصلہ کر دے گا
6 Muhammad Junagarhi
یہود کہتے ہیں کہ نصرانی حق پر نہیں اور نصرانی کہتے ہیں کہ یہودی حق پر نہیں، حاﻻنکہ یہ سب لوگ تورات پڑھتے ہیں۔ اسی طرح ان ہی جیسی بات بےعلم بھی کہتے ہیں۔ قیامت کے دن اللہ ان کے اس اختلاف کا فیصلہ ان کے درمیان کردے گا
7 Muhammad Hussain Najafi
یہودی کہتے ہیں کہ نصرانی کسی چیز (راہ راست) پر نہیں اور نصرانی کہتے ہیں کہ یہودی کسی چیز (راہ راست) پر نہیں حالانکہ یہ سب (آسمانی) کتاب کے پڑھنے والے ہیں اسی طرح (بے بنیاد) باتیں ان لوگوں (کفار و مشرکین) نے بھی کی ہیں جو کچھ بھی علم نہیں رکھتے۔ پس جن باتوں میں یہ لوگ آپس میں جھگڑ رہے ہیں قیامت کے دن اللہ ان کے درمیان فیصلہ کر دے گا۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اور یہودی کہتے ہیں کہ نصاریٰ کا مذہب کچھ نہیں ہے اور نصاریٰ کہتے ہیں کہ یہودیوں کی کوئی بنیاد نہیں ہے حالانکہ دونوں ہی کتاب الٰہی کی تلاوت کرتے ہیں اور اس کے پہلے جاہل مشرکین عرب بھی یہی کہا کرتے تھے. خدا ان سب کے درمیان روزِ قیامت فیصلہ کرنے والا ہے
9 Tafsir Jalalayn
اور یہودی کہتے ہیں کہ عیسائی راستے پر نہیں اور عیسائی کہتے ہیں کہ یہودی راستے پر نہیں حالانکہ وہ کتاب (الٰہی) پڑھتے ہیں اسی طرح بالکل انہی کی سی بات وہ لوگ کہتے ہیں جو (کچھ) نہیں جانتے (یعنی مشرک) تو جس بات میں یہ لوگ اختلاف کر رہے ہیں خدا قیامت کے دن اس کا ان میں فیصلہ کر دے گا آیت نمبر ١١٣ تا ١١٤ ترجمہ : یہود کہتے ہیں کہ نصاریٰ کے پاس کچھ نہیں یعنی کوئی معتدبہ چیز نہیں، اور عیسیٰ (علیہ السلام) کی (نبوت) کے منکر ہیں، اور نصاریٰ کہتے ہیں کہ یہود کے پاس کچھ نہیں یعنی کوئی معتدبہ چیز نہیں، اور موسیٰ (علیہ السلام) کی (نبوت) کے منکر ہیں، حالانکہ یہ دونوں فریق کتاب پڑھتے ہیں، اور یہود کی کتاب (تورات) میں عیسیٰ (علیہ السلام) کی (نبوت کی) تصدیق موجود ہے اور نصاریٰ کی کتاب (انجیل) میں موسیٰ (علیہ السلام) کی (نبوت کی) تصدیق موجود ہے، اور جملہ (وَھُمْ یَتْلُوْنَ الْکِتٰبَ ) حال ہے، اور جیسی بات یہ (دونوں فریق) کرتے ہیں، اسی طرح کی بات بےعلم لوگ بھی کرتے ہیں، یعنی مشرکین عرب وغیرہ (مِثْلَ قَوْلِھِمْ ) ذٰلک کے معنی کا بیان ہے، یعنی ان (مشرکوں) نے (آسمانی) دین والوں میں سے ہر ایک کے بارے میں کہا کہ ان کے پاس کچھ نہیں، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ دین کے معاملہ میں ان کے اختلاف کا فیصلہ کر دے گا، بایں طور کہ اہل حق کو جنت میں اور اہل باطل کو دوزخ میں داخل کرے گا، اور اس سے بڑھ کر کون ظالم ہوگا ؟ یعنی اس سے بڑھ کر کوئی ظالم نہیں جو اللہ کی مسجدوں (معبدوں) میں اللہ کے نام کی نماز و تسبیح پڑھنے سے روکے، اور ہدم و تعطیل کے ذریعہ ان کی ویرانی کے درپے ہو، (یہ آیت) ان رومیوں کی خبر دینے کے بارے میں نازل ہوئی جنہوں نے بیت المقدس ویران کیا، یا مشرکین کے بارے میں نازل ہوئی جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو (صلح) حدیبیہ کے سال بیت اللہ سے روکا، ان کو تو چاہیے کہ اس میں قدم بھی نہ رکھیں، مگر ڈرتے ہوئے، خبر بمعنی امر ہے یعنی ان کو جہاد کے ذریعہ (ایسا) خوف زدہ کردو کہ کوئی اس میں بےخوف داخل نہ ہو، ان لوگوں کے لئے دنیا میں رسوائی ہے، قتل و قید اور جزیہ کے ذریعہ اور ان کے لئے آخرت میں بڑا عذاب ہے، (اور) وہ آگ ہے، اور (آئندہ آیت) اس وقت نازل ہوئی جب یہود نے تحویل قبلہ کے بارے میں، یا سفر میں سواری پر جدھر سواری کا رخ ہو نفل نماز پڑھنے کے بارے میں طعن کیا، مشرق و مغرب سب اللہ ہی کے ہیں، یعنی پوری زمین، اس لئے کہ دونوں (مشرق و مغرب) زمین ہی کے دو کنارے ہیں، تم اس کے حکم سے نماز میں جدھر بھی رخ کرو اسی طرف اللہ کا رخ ہے یعنی اس کا قبلہ ہے جو اس کا پسندیدہ ہے، بلاشبہ اللہ بڑی وسعت والا ہے، کہ اس کا فضل ہر شئ کو حاوی ہے، اور اپنی مخلوق کی تدبیر سے واقف ہے (وقالُوا میں) واؤ اور بغیر واؤ دونوں صورتیں ہیں، اور یہود و نصاریٰ اور ان لوگوں کا جو اللہ کے لئے بیٹیاں ہونے کا اعتقاد رکھتے ہیں کہنا ہے کہ اللہ کی اولاد ہے، اللہ تعالیٰ نے اولاد سے اپنی پاکی بیان کرتے ہوئے فرمایا، وہ پاک ہے (اولاد سے) بلکہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اسی کا ہے یعنی اسی کی ملک ہے اور اسی کی مخلوق ہے اور اسی کی مملوک ہے، اور ولادت ملکیت کے منافی ہے، اور غیر ذوی العقول کو غلبہ دیتے ہوئے ما سے تعبیر فرمایا، سب کے سب اس کے فرمانبردار ہیں یعنی پر شئ اس مقصد کے لئے اس کے تابع فرمان ہے، جو اس سے مطلوب ہے اور اس میں ذوی العقول کو غلبہ ہے۔ تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد قولہ : کَذٰلِکَ قَالَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَ ، کذٰلِکَ ای مثل ذٰلکَ الَّذِی سَمِعْتَ بہٖ کاف محل میں نصب کے ہے، یا تو اس لئے کہ مصدر محذوف کی صفت ہے جس کو افادہ حصر کے لئے مقدم کردیا گیا ہے، ای قولاً مِثلَ ذٰلِکَ القول بعینہٖ لَا قِوْلاً مغایرًا لَہٗ ۔ قولہ : وغیرُھم، غیرُھم رفع کے ساتھ اس کا عطف مشرکون پر ہے نہ کہ عرب پر یعنی مشرکین کے علاوہ دیگر کفار کا بھی یہی کہنا تھا قولہ : بَیان لمعنی ذٰلِکَ یعنی مثل قولھم، کذٰلِکَ قَالَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَ کا بدل ہے۔ قولہ : لَیْسُوا، لَیْسُوا کی جمع کی ضمیر کل کی طرف باعتبار معنی کے راجع ہے۔ قولہ : وَمَنْ اَظْلَمُ ، مَنْ مبتداء محلاً مرفوع ہے، اَظْلَمُ اسم تفصیل اس کی خبر ہے، استفہام انکاری ہے، ای لا احدٌ اظلَمَ منہ۔ سوال : یہاں قدرتی طور پر ایک سوال پیدا ہوتا ہے وہ یہ کہ فَمَنْ اَظْلَمُ کا کلمہ قرآن کے اندر بار بار آیا ہے، مثلاً وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَیٰ ، وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ ذُکِّرَ بِآیَاتِ رَبِّہٖ ، فَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ کَذَبَ عَلَی اللہِ ، وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ مَّنَعَ مَسَاجِدَ اللہِ ان میں سے ہر ایک کا تقاضا حصر کا ہے کہ اس میں مذکور سے بڑا ظالم کوئی نہیں، تو پھر دوسرا فریق اس سے بڑا ظالم کیسے ہوسکتا ہے ؟ یعنی اظلمیت کے ساتھ جب ایک فریق کو متصف کردیا تو اب دوسرت فریق کو اظلمیت کی صفت کے ساتھ متصف کرنا کیسے درست ہے ؟ جواب : ہر ایک اپنے صلہ کے معنی کے اعتبار سے خاص ہے، مثلاً کَاَنَّہٗ قَالَ لَا اَحَدٌ مِنَ المَانِعِیْنَ اَظْلَمُ مِمَّنْ مَنَعَ مَسَاجِدَ اللہِ ، وَلاَ احدٌ مِنَ المفسدین اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتریٰ عَلی اللہِ ، وَلاَ احدٌ مِنَ الکذَّابِینَ اَظْلَمُ مِمَّنْ کَذَبَ علی اللہ علیٰ ھٰذا القیاس۔ (جمل) قولہ : مِمَّنْ مَّنَعَ مَسَاجِدِ اللہِ ، مَسَاجِدَ ، مَنَعَ کا مفعول اول ہے اور اَنْ یُّذْکَرَ بتاویل مصدر ہو کر مفعول ثانی ہے، مَسَاجِد مسجِدٌ کی جمع ہے، سجدہ کرنے کی جگہ، قاعدہ کے مطابق، مَفْعَلُ کے وزن پر مَسْجَدُ ہونا چاہیے، اس لئے کہ جس کا مضارع مرفوع العین ہوتا ہے اس کا ظرف مکان مَفْعَلُ کے وزن پر آتا ہے یہاں خلاف قیاس جیم کے کسرہ کے ساتھ ہے۔ سوال : مَسَاجِدَ کو جمع کیوں لایا گیا ہے ؟ جبکہ مراد بیت المقدس ہے، اس لئے کہ بیت المقدس کو رومی بادشاہ بخت نصر مجوسی نے منہدم کردیا تھا، یا مراد مسجد حرام ہے جبکہ مشرکین مکہ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو صلح حدیبیہ کے سال عمرہ کرنے سے روک دیا تھا۔ جواب : مذکورہ دونوں مسجدیں چونکہ سب سے زیادہ اہم اور بابرکت ہیں ان سے روکنا یا ان کو ویران کرنا گویا کہ تمام مساجد کو ویران کرنا ہے۔ سوال : مَنَعَ مَسَاجد اللہ میں مَنَعَ کی نسبت مساجد کی طرف کی گئی ہے حالانکہ حقیقت میں ممنوع لوگ ہیں۔ جواب : مانعین کا فعل چونکہ مسجد سے متعلق تھا مثلاً مساجد میں گندگی وغیرہ ڈالنا یا ان کو منہدم کرنا اس لئے منع کی نسبت مساجد کی طرف کی گئی ہے۔ قولہ : اَنْ یُّذْکَرَ فِیْھَا اسْمُہٗ اس میں اعراب کے اعتبار سے چار صورتیں ممکن ہیں، (١) مَنَعَ کا مفعول ثانی ہے کما تقول مَنَعْتُہٗ کذَا (٢) مَنَعَ کا مفعول لہٗ ہے، ای مَنَعَ کرَاھَۃ اَنْ یُذْکَرَ یا مَنَعَ دخولَ مساجد اللہ (٣) مَسَاجد اللہ سے بدل الاشتمال ہے، ای مَنَعَ ذِکْرَ اسمِہٖ فِیھَا (٤) حذف حرف جر کی وجہ سے منصوب ہے، ای مَنَعَ مَسَاجِدَ مِنْ اَنْ یُّزْکَرَ ۔ قولہ : بالھَدم اَو التعطیل، ھدم سے بیت المقدس کی طرف اشارہ ہے، اس لئے اس کو بخت نصر مجوسی نے منہدم کردیا تھا، اور تعطیل سے مسجد حرام کی طرف اشارہ ہے، اس لئے کہ مشرکین مکہ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو روک کر گویا کہ مسجد حرام کو معطل اور ویران کردیا تھا، اَوْ تمویع کے لئے ہے نہ کہ تردید کے لئے۔ قولہ : فِیْ خَرَابِھَا ابو البقاء نے کہا ہے کہ خَرَاب اسم مصدر بمعنی تخریب ہے، اپنے مفعول کی جانب منضاف ہے، جیسا کہ سَلَام بمعنی تسلیم، اور بعض حضرات نے کہا ہے کہ خَرِبَ کا مصدر ہے، جو خَرِبَ بالمکان سے مشتق ہے، یعنی اس کو بغیر نگہداشت کے چھوڑ دیا تاکہ وہ خود بخود ویران اور برباد ہوجائے۔ قولہ : خبر بمعنی الامر یعنی یہ جملہ لفظاً خبریہ اور معنی انشائیہ ہے، اس اضافہ کا مقصد ایک سوال کا جواب ہے۔ سوال : لَایَدْخُلُوْھَآ اِلاَّ خَآئِفِیْنَ میں خبر دی گئی ہے، کہ تخریب کا ربیت المقدس میں ڈرتے ہوئے داخل ہوئے، حالانکہ وہ تو نہایت بےخوف ہو کر بیت المقدس میں داخل ہوئے، ایک سال سے بھی زیادہ قابض رہے، ہاں البتہ مسلمان بیت المقدس میں اللہ سے ڈرتے ہوئے سلطان الدین کے زمانہ میں داخل ہوئے۔ جواب : جواب یہ ہے کہ خبر بمعنی امر ہے، معنی ان کو حکم دیا جارہا ہے کہ بیت المقدس میں خوف خدا کے ساتھ داخل ہوں۔ (جمل) مگر یہ جواب پسندیدہ نہیں ہے اس لئے کہ اس میں تعبیر کان کے ساتھ ہے، بیضاوی نے کہا ہے کہ اس آیت کا مقصد مسجد میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے منع کرنا ہے۔ (معناہ النھی عن تمکینھم من الدخول فی المسجد) ۔ (جمل) قولہ : اخیفوھم بالجھاد یعنی ہم کو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ مسجد حرام اور بہت المقدس میں داخل ہونے کو بذریعہ جہاد روکیں۔ (صاوی) اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ لفظاً اور معنیً جملہ خبریہ ہو اور مطلب یہ ہو کہ اللہ تعالیٰ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور حضرت عمر (رض) کے زمانہ میں پیش آنے والے حالات کی خبر دی ہو۔ (ھو اقرب) (صاوی) قولہ : مُطِیْعُوْنَ کُلٌّ بِمَا یُرَادُ مِنْہُ یعنی مخلوق کا ہر فرد اس مقصود کے تابع ہے جو اس سے مطلوب ہے، بِمَا میں باء بمعنی لام ہے۔ تفسیر و تشریح وَقَالَتِ الْیَھُوْدُ لَیْسَتِ النَّصَاریٰ علیٰ شَیْءٍ یہود تورات پڑھتے ہیں جس میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی زبان سے حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی تصدیق موجود ہے ؛ لیکن اس کے باوجود یہودی حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی تکفیر کرتے ہیں، عیسائیوں کے پاس انجیل موجود ہے جس میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور تورات کے من عند اللہ ہونے کی تصدیق ہے اس کے باوجود یہ یہودیوں کی تکفیر کرتے ہیں، ان کا یہ طریقہ اہل کتاب کے دونوں فریقوں کے کفر وعناد اور اپنے اپنے بارے میں خوش فہمی میں مبتلا ہونے کو ظاہر کر رہا ہے۔ اہل کتاب کے مقابلہ میں عرب کے مشرکین اَن پڑھ (اُمی) تھے اس لئے انہیں بےعلم کہا گیا ہے ؛ لیکن وہ بھی امی ہونے کے باوجود یہود و نصاریٰ کی طرف اس زعم باطل میں مبتلا تھے، کہ وہی حق پر ہیں، اسی لئے وہ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو صابی یعنی بےدین کہا کرتے تھے۔
10 Tafsir as-Saadi
اس کی وجہ یہ ہے کہ اہل کتاب خواہش نفس اور حسد میں اس حد کو پہنچ گئے کہ انہوں نے ایک دوسرے کو گمراہ اور کافر قرار دیا، جیسے مشرکین عرب میں امیوں کا وتیرہ تھا۔ پس ہر فرقہ دوسرے فرقے کو گمراہ قرار دیتا تھا۔ ان اختلاف کرنے والوں کے مابین قیامت کے روز اللہ تعالیٰ عدل کے ساتھ فیصلہ کرے گا۔ یہ وہ فیصلہ ہے جس کے بارے میں اس نے بندوں کو باخبر کردیا ہے کہ فوز و فلاح اور نجات صرف انہی لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے تمام انبیا و مرسلین کی تصدیق کی اور اپنے رب کے احکام کی پیروی کی اور اس کی منہیات سے اجتناب کیا۔ ان کے علاوہ دیگر تمام لوگ ہلاکت کے گڑھے میں گریں گے۔
11 Mufti Taqi Usmani
aur yahudi kehtay hain kay essaiyon ( kay mazahab ) ki koi buniyad nahi , aur essai kehtay hain kay yahudiyon ( kay mazahab ) ki koi buniyad nahi , halankay yeh sabb ( aasmani ) kitab parhtay hain . issi tarah woh ( mushrikeen ) jinn kay paas koi ( aasmani ) ilm hi siray say nahi hai , unhon ney bhi inn ( ehal-e-kitab ) ki jaisi baaten kehni shuroo kerdi hain . chunacheh Allah hi qayamat kay din inn kay darmiyan unn baaton ka faisla keray ga jinn mein yeh ikhtilaf kertay rahey hain .