یقیناً ہم نے واضح اور روشن بیان والی آیتیں نازل فرمائی ہیں، اور اللہ (ان کے ذریعے) جسے چاہتا ہے سیدھی راہ کی طرف ہدایت فرما دیتا ہے،
English Sahih:
We have certainly sent down distinct verses. And Allah guides whom He wills to a straight path.
1 Abul A'ala Maududi
ہم نے صاف صاف حقیقت بتانے والی آیات نازل کر دی ہیں، آگے صراط مستقیم کی طرف ہدایت اللہ ہی جسے چاہتا ہے دیتا ہے
2 Ahmed Raza Khan
بیشک ہم نے اتاریں صاف بیان کرنے والی آیتیں اور اللہ جسے چاہے سیدھی راہ دکھائے
3 Ahmed Ali
البتہ ہم نے کھلی کھلی آیتیں نازل کر دی ہیں اور الله جسے چاہے سیدھے راستہ پر چلاتا ہے
4 Ahsanul Bayan
بلا شبہ ہم نے روشن اور واضح آیتیں اتار دی ہیں اللہ تعالٰی جسے چاہے سیدھی راہ دکھا دیتا ہے (١)۔
٤٦۔١ اللہ تعالٰی اسے نظر صحیح اور قالب صادق عطا فرما دیتا ہے جس سے اس کے لئے ہدایت کا راستہ کھل جاتا ہے۔ صراط مستقیم سے مراد یہی ہدایت کا راستہ ہے جس میں کوئی کجی نہیں، اسے اختیار کر کے انسان اپنی منزل مقصود جنت تک پہنچ جاتا ہے۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
ہم ہی نے روشن آیتیں نازل کیں ہیں اور خدا جس کو چاہتا ہے سیدھے رستے کی طرف ہدایات کرتا ہے
6 Muhammad Junagarhi
بلاشک و شبہ ہم نے روشن اور واضح آیتیں اتار دی ہیں اللہ تعالیٰ جسے چاہے سیدھی راه دکھا دیتا ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
یقیناً ہم نے حقیقت واضح کرنے والی آیتیں نازل کر دی ہیں اور اللہ جسے چاہتا ہے سیدھے راستے کی طرف راہنمائی کر دیتا ہے۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
یقینا ہم نے واضح کرنے والی آیتیں نازل کی ہیں اور اللہ جسے چاہتا ہے صراظُ مستقیم کی ہدایت دیدیتا ہے
9 Tafsir Jalalayn
ہم ہی نے روشن آیتیں نازل کی ہیں اور خدا جس کو چاہتا ہے سیدھے راستے کی طرف ہدایت کرتا ہے
10 Tafsir as-Saadi
ہم نے اپنے بندوں پر رحم کر کے آیات بینات نازل کی ہیں، جو تمام مقاصد شرعیہ، آداب محمودہ اور معارف رشیدہ پر واضح طور پر دلالت کرتی ہیں۔ پس اس طرح راستے واضح ہوگئے، گمراہی میں سے راہ راست اور ضلالت میں سے ہدایت نمایاں ہوگئی۔ اس بارے میں کسی باطل پسند کے لیے شبہ کی ادنیٰ سی گنجائش باقی رہی نہ کسی متلاشی حق کے لیے کوئی اشکال باقی رہا۔۔۔ کیونکہ یہ آیات بینات اسی ہستی کی طرف سے نازل کردہ ہیں جس کا علم کامل، جس کی رحمت کامل اور جس کا بیان کامل ہے۔ اس کے بیان سے بڑھ کر کوئی بیان نہیں ﴿ لِّيَهْلِكَ مَنْ هَلَكَ عَن بَيِّنَةٍ وَيَحْيَىٰ مَنْ حَيَّ عَن بَيِّنَةٍ ﴾ (الانفال :8؍42)” تاکہ ( اس کے بعد) جو کوئی ہلاک ہو تو وہ دلیل کے ساتھ ہلاک ہو اور جو زندہ رہے تو دلیل کے ساتھ زندہ رہے۔ “ ﴿ وَاللّٰـهُ يَهْدِي مَن يَشَاءُ ﴾ ” اور اللہ ہدایت دیتا ہے جس کو چاہتا ہے۔“ ان لوگوں میں سے جن کے لیے بھلائی اور سچی عزت سبقت کرگئی ﴿إِلَىٰ صِرَاطٍ مُّسْتَقِيمٍ ﴾ واضح اور مختصر راستے کی، جو اس تک اور اس کے اکرام و تکریم والے گھر تک جاتا ہے، جو علم حق، اس کو ترجیح دینے اور اس پر عمل کرنے کو متضمن ہے۔ اس کا بیان کامل تمام مخلوق کے لیے اور سب کو شامل ہے مگر ہدایت صرف اسی کے لیے مخصوص ہے جسے وہ چاہتا ہے یہ اس کا فضل و احسان ہے اور رب کریم کا فضل و کرم کبھی منقطع نہیں ہوتا اور یہ اس کا عدل ہے۔ اس نے کسی کے لیے کوئی حجت باقی نہیں رہنے دی اور احسان کے مواقع کو اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔
11 Mufti Taqi Usmani
beyshak hum ney woh aayaten nazil ki hain jo haqeeqat ko khol khol ker biyan kernay wali hain , aur Allah jiss ko chahta hai , seedhay raastay tak phoncha deta hai .
12 Tafsir Ibn Kathir
یہ حکمت بھرے احکام، یہ روشن، اس قرآن کریم میں اللہ ہی نے بیان فرمائی ہیں۔ عقلمندوں کو ان کے سمجھنے کی توفیق دی ہے، رب جسے چاہے اپنی سیدھی راہ پر لگائے۔