الاسراء آية ۶۱
وَاِذْ قُلْنَا لِلْمَلٰۤٮِٕكَةِ اسْجُدُوْا لِاٰدَمَ فَسَجَدُوْۤا اِلَّاۤ اِبْلِيْسَ قَالَ ءَاَسْجُدُ لِمَنْ خَلَقْتَ طِيْنًا ۚ
طاہر القادری:
اور (وہ وقت یاد کیجئے) جب ہم نے فرشتوں سے فرمایا کہ تم آدم (علیہ السلام) کو سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سب نے سجدہ کیا، اس نے کہا: کیا میں اسے سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے پیدا کیا ہے،
English Sahih:
And [mention] when We said to the angels, "Prostrate to Adam," and they prostrated, except for Iblees. He said, "Should I prostrate to one You created from clay?"
1 Abul A'ala Maududi
اور یاد کرو جبکہ ہم نے ملائکہ سے کہا کہ آدمؑ کو سجدہ کرو، تو سب نے سجدہ کیا، مگر ابلیس نے نہ کیا ا س نے کہا "کیا میں اُس کو سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے بنایا ہے؟"
2 Ahmed Raza Khan
اور یاد کرو جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کرو تو ان سب نے سجدہ کیا سوا ابلیس کے، بولا کیا میں اسے سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے بنایا
3 Ahmed Ali
اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا آدم کو سجدہ کرو تو سوائے ابلیس کے سب سجدہ میں گر پڑے کہا کیا میں ایسے شخص کو سجدہ کروں جسےتو نے مٹی بنایا ہے
4 Ahsanul Bayan
جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سب نے کیا، اس نے کہا کہ کیا میں اسے سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے پیدا کیا ہے۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو تو سب نے سجدہ کیا مگر ابلیس نے نہ کیا۔ بولا کہ بھلا میں ایسے شخص کو سجدہ کرو جس کو تو نے مٹی سے پیدا کیا ہے
6 Muhammad Junagarhi
جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کو سجده کرو تو ابلیس کے سوا سب نے کیا، اس نے کہا کہ کیا میں اسے سجده کروں جسے تو نے مٹی سے پیدا کیا ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
(وہ وقت یاد کرو) جب ہم نے فرشتوں سے کہا تھا آدم(ع) کے سامنے سجدہ ریز ہو جاؤ تو سب نے سجدہ کیا سوائے ابلیس کے۔ اس نے کہا کیا میں اس کو سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے پیدا کیا ہے؟
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اور جب ہم نے ملائکہ سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو تو سب نے سجدہ کرلیا سوائے ابلیس کے کہ اس نے کہا کہ کیا میں اسے سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے بنایا ہے
9 Tafsir Jalalayn
اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو تو سب نے سجدہ کیا مگر ابلیس نے نہ کیا بولا بھلا میں ایسے شخص کو سجدہ کروں جسے تو نے مٹی سے پیدا کیا۔
آیت نمبر 61 تا 70
ترجمہ : اس وقت کو یاد کرو کہ جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کے سامنے تعظیم کے طور پر جھکو تو سب جھکے سوائے ابلیس کے، اس نے کہا کیا میں اس کو جھکوں جس کو تو نے مٹی سے پیدا کیا ؟ (طینًا) حذف حرف جر کی وجہ سے منصوب ہے، ای من طینٍ (ابلیس نے) کہا بھلا دیکھ تو سہی کیا یہ اس قابل تھا کہ تو نے مجھے اس کو (جھکنے) سجدہ کا حکم دیکر مجھ پر فضیلت دی، حالانکہ میں اس سے بہتر ہوں اسلئے کہ تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا، مجھے قسم ہے لام قسمیہ ہے اگر تو نے مجھے قیامت تک مہلت دی تو میں بھی اگواء کرکے اس کی پوری نسل کو بیخ کنی کر ڈالوں گا ان میں سے بہت کم لوگ بچ سکیں گے جن کو تو بچائے، اللہ تعالیٰ نے اس سے کہا (اچھا) جا، تجھے نفخۂ اولی تک مہلت ہے، تو جو ان میں سے تیری پیروی کرے گا تم سب کی پوری سزا جہنم ہے، لہٰذا تو جس جس کو ان میں سے گاجے باجے اور ہر ذریعہ معصیت سے دعوت دے کر پھسلا سکتا ہے پھسلا لے اور ان پر تو اپنے سوار اور پیادے چڑھا لا (یعنی ہر حربہ استعمال کرلے) اور خیل سے مراد گھوڑ سوار اور مشاۃ سے مراد پیادے ہیں، اور حرام مال میں مثلاً سود کا مال اور غصب کا مال اور زنا کی اولاد میں اپنا حصہ لگالے اور ان سے وعدے کرلے کہ نہ مرنے کے بعد زندہ ہونا ہے اور نہ کوئی حساب کتاب ہے اور شیطان ان سے جو وعدے کرتا ہے وہ دھوکے کے سوا کچھ نہیں، میرے مومن (مخلص) بندوں پر تیرا قابو اور زور نہ چلے گا اور آپ کا رب ان کی حفاظت کیلئے تیری طرف سے کافی ہے، تمہارا رب تو وہ ہے کہ جو دریا میں تمہاری کشتی چلاتا ہے تاکہ تم تجارت کے ذریعہ اس کا فضل (روزی) تلاش کرو حقیقت یہ ہے کہ وہ کشتیوں کو تمہارے تابع کرکے تمہارے حال پر مہربان ہے اور جب سمندر میں تم پر غرق ہونے کے خوف کی مصیبت آتی ہے تو اس وقت تم سے وہ سب غائب ہوجاتے ہیں جن جن معبودوں کی تم بندگی کرتے تھے تو اس وقت تم اسی ایک معبود کو پکارتے ہو (یعنی) اس وقت تم اسی ایک وعدہٗ (لاشریک) کو پکارتے ہو اسلئے کہ (اس وقت) تم ایسی مصیبت میں ہوتے ہو کہ اس کو صرف وہی دور رکھ سکتا ہے پھر جب تم کو ڈوبنے سے بچا لیتا ہے اور تم کو خشکی میں پہنچا دیتا ہے تو تم توحید سے رخ پھیر لیتے ہو اور انسان ہے ہی نعمتوں کا ناشکرا تو کیا تم اس بات سے بےخوف ہوگئے ہو کہ قارون کے مانند زمین میں دھنسا دے یا تم پر کنکریلی تیز ہوا چلا دے یعنی قوم لوط کے مانند تم پر سنگباری کر دے، پھر تم اس سے بچانے والا کوئی حمایتی نہ پاؤ، اور کیا تم اس بات سے بےفکر ہوگئے کہ وہ پھر تم کو دریا میں لیجائے اور تم پر طوفانی ہوا چلا دے یعنی ایسی تند ہوا کہ جس پر بھی گذرے اس کو توڑ کر رکھ دے، اور تمہاری کشتیوں کو بھی توڑ دے، پھر تم کو تمہارے کفر کے سبب غرق کر دے پھر تم کو اس بات پر کوئی ہمارا پیچھا کرنے والا بھی نہ ملے یعنی کوئی مددگار، یا ایسا حمایتی کہ جو کچھ ہم نے تمہارے ساتھ کیا ہے اس سلسلہ میں ہم سے باز پرس کرسکے، اور ہم نے اولاد آدم کو علم نطق کے ذریعہ اور اعتدال خلق وغیرہ کے ذریعہ عزت بخشی اور اسی میں تم کو موت کے بعد پاک کرنا بھی ہے اور ہم نے ان کو خشکی میں جانوروں پر سوا کیا اور دریا میں کشتیوں پر سوار کیا، اور ان کو پاکیزہ چیزیں عطا کیں اور ہم نے ان کو اپنی بہت سی مخلوقات پر فوقیت دی جیسا کہ پالتو اور وحشی جانور، مَنْ بمعنی ما ہے یا اپنے حال پر ہے اور یہ فوقیت فرشتوں پر بھی شامل ہے اور مراد فضیلت جنس علی الجنس ہے، اور اس لئے اس کے افراد کی فضیلت لازم نہیں اسلئے کہ ملائکہ انبیاء کے علاوہ ہر بشر سے افضل ہیں۔
تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد
قولہ : اَخبرنی، أَرَاْیتَکَ ، کاف حرف خطاب ہے نہ کہ اسم بلکہ فاعل مخاطب کی اسناد کی تاکید ہے لہٰذا اس کا کوئی محل اعراب نہیں ہے، اور ھذا، أرایتکَ کا مفعول اول ہے اور الذی کرّمْتَ ھذا کی صفت ہے اَرأیتکَ کا مفعول ثانی محذوف ہے اور وہ لِمَ کرّمْتَ عَلَیَّ ہے اس حذف پر صفت دلالت کر رہی ہے۔
قولہ : فضَّلْتَ یہ ایک سوال کا جواب ہے۔ سوال : کرّمْتَ کی تفسیر فضَّلْتَ سے کیوں کی ؟
جواب : اس لئے کہ تکریم کا صلہ علیٰ واقع نہیں ہوتا۔
قولہ : مُنْظَرًا، ای مُمَھّلاً ، اِذھب، ذھاب سے نہیں ہے جو المجئ کی ضد ہے، بلکہ اس کے معنی ہیں امض لشانک الذی اخترتہٗ یعنی جو تو نے ارادہ کیا ہے تو وہ کر گذر۔
قولہ : انتَ وھم یہ اضافہ اس سوال کا جواب ہے کہ منھم میں ھم جمع غائب کی ضمیر ہے اور جزاء کم میں کم جمع حاضر کی، دونوں میں مطابقت نہیں ہے۔
جواب : کا حاصل یہ ہے کہ اصل اِنَّ جھنم جزاءک وجزاءُھم تھا پھر مخاطب کا غائب پر غلبہ دیدیا، لہٰذا دونوں ضمیروں میں مخالفت کا اعتراض ختم ہوگیا۔
قولہ : استفزز (استفعال) امر واحد مذکر حاضر، تو گھبرا لے۔
قولہ : لَاحْتنِکَنَّ (اِحتناک افتعال) میں ضرور ڈھانٹی لونگا، میں ضرور قابو میں کروں گا، میں ضرور لگام لگاؤں گا، صیغہ واحد متکلم مضارع بانون تاکید ثقیلہ۔
قولہ : لاستاصلنَّ میں پوری طرح بیخ کنی کردوں گا، جڑے سے اکھاڑ پھینکوں گا۔ قولہ : اَوْصَلکم۔
سوال : نجاکم کی تفسیر اوصلکم سے کیوں کی۔
جواب : چونکہ نجاکم کا صلہ الی نہیں آتا اور یہاں صلہ اِلیٰ واقع ہو رہا ہے جو کہ درست نہیں ہے جس کی وجہ بتادی کہ نجاکم، اوصلکم کے معنی کو متضمن ہے، جس کا صلہ اِلیٰ آتا ہے۔ قولہ : الحصباء ای الحصاۃ۔
قولہ : بکفرکم اس میں اشارہ ہے کہ بما کفرتم میں ما مصدریہ ہے لہٰذا عدم عائد کا اعتراض واقع نہ ہوگا۔
قولہ : اعتدال الخلقِ ، اور اعتدال ہی کی وہ بات ہے جو ابن عباس (رض) نے ذکر کی ہے، کہ ہر حیوان منہ جھکا کر کھاتا ہے مگر انسان کھانے کی طرف منہ جھکانے کے بجائے کھانے کو منہ کی طرف اٹھاتا ہے۔
قولہ : المراد تفضیل الجنس، یہ اضافہ ایک سوال کا جواب ہے۔
سوال : ہمیں یہ تسلیم نہیں کہ مطلقا تمام بنی آدم مطلقاً تمام فرشتوں سے افضل ہیں۔
جواب : جنس بنی آدم کی جنس ملائکہ پر فضیلت مراد ہے یعنی خاص فرشتے عام انسانوں سے افضل ہیں نہ کہ خاص انسانوں سے مثلاً انبیاء سے۔ تنبیہ : اگر لفظ ” علیٰ کثیرٍ “ کو مدنظر رکھا جائے تو یہ اعتراض ہی پیدا نہیں ہوگا۔
تفسیر و تشریح
واستفزر۔۔۔۔ (الآیۃ) شیطانی آواز سے کیا مراد ہے ؟ حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا کہ گانے بجانے اور مزا میر اور لہو و لعب کی آوازیں یہی شیطان کی آوازیں ہیں جن کے ذریعہ وہ لوگوں کو حق سے دور و لاتعلق کرتا ہے (قرطبی) اس سے معلوم ہوا کہ مزامیر، مو سیقی اور رقص وسر ودسب حرام ہیں، آدم علیہ اصلا ۃ واسلام وابلیس کا قصہ سورة بقرہ، اعراف اور حجر میں گذر چکا ہے یہاں چوتھی مرتبہ آیا ہے، علاوہ ازیں سورة کہف، طہ اور سورة ص میں بھی اس کا ذکر آئیگا۔
ابلیس نے حضرت آدم (علیہ السلام) کو سجدہ سے انکار کرتے وقت دو باتیں کہی تھیں، اولؔ یہ کہ آدم (علیہ السلام) مٹی سے پیدا کئے گئے، اور میں آگ کی مخلوق ہوں، آپ نے مٹی کو آگ پر فوقیت و فضیلت کیوں دیدی ؟ یہ امر الٰہی کے مقابلہ میں حکم کی حکمت معلوم کرنے کے متعلق سوال تھا جس کا کسی مامور کا حق نہیں ہوتا یہ سوال ہی قابل التفات نہیں تھا اسلئے کہ غلام کو آقا سے کسی حکم کی علت یا حکمت معلوم کرنے کا اختیار نہیں ہوتا یہی وجہ ہے اس سوال کو ناقابل التفات سمجھ کر جواب نہیں دیا گیا دوسریؔ بات یہ ہے کہ فوقیت و فضیلت دینے کا حق اسی ذات کو ہے جس نے ان کو پیدا کیا اور ان کی تربیت کی ہو، دوسری بات یہ کہی تھی کہ اگر تاقیامت زندگی ملنے کی میری درخواست منظور کرلی گئی تو میں آدم (علیہ السلام) کی ساری اولاد کو بجز قدر قلیل کے گمراہ کر ڈالوں گا، حق تعالیٰ نے اس کا جواب دیا کہ میرے مخلص بندوں پر تیرا قابو نہ چلے گا چاہے تو اپنا سارا الاؤ لشکر لے کر ان پر چڑھ دوڑے، باقی رہے غیر مخلص اگر وہ تیرے قابو میں آگئے تو ان کا بھی وہی حال ہوگا جو تیرا ہے، کہ عذاب جہنم میں دونوں گرفتار ہونگے شیطانی لاؤ لشکر کیلئے یہ ضروری نہیں کہ حقیقت میں اس کا سوار و پیاروں کا کوئی لشکر ہو یہ تو ایک محاورہ ہے جو پورا زور صرف کرنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔
وشارکھم۔۔۔ والاولاد، لوگوں کے مال اور اولاد میں شیطان کی شرکت کا مطلب حضرت ابن عباس (رض) نے یہ بیان فرمایا کہ اموال میں جو مال ناجائز اور حرام طریقوں سے حاصل ہو یا حرام کاموں میں صرف کیا جائے یہی شیطان کی اس میں شرکت ہے اور اولاد میں شیطان کی شرکت، اولاد کے حرام ہونے سے بھی ہے اور یہ بھی کہ اولاد کے مشرکانہ نام رکھے، مثلاً عبد العزیٰ ، پیر بخش، نبی بخش وغیرہ یا ان کی حفاظت کیلئے مشرکانہ رسوم ادا کرے یا ان کی پرورش کیلئے حرام ذرائع آمدنی اختیار کرے۔
ولقد کرمنا بنی آدم (الآیۃ) بنی آدم کا یہ شرف و فضل بہ حیثیت انسان کے ہر انسان کو حاصل ہے خواہ مومن ہو یا کافر، کیونکہ یہ شرف دوسری مخلوقات، حیوانات، جمادات و نباتات وغیرہ کے مقابلہ میں ہے اور یہ شرف متعدد اعتبار سے ہے، جس طرح کی شکل و صورت، قدروقامت اور ہیئت اللہ تعالیٰ کو عطا فرمائی ہے وہ کسی دوسری مخلوق کو عطا نہیں فرمائی، جو عقل انسان کو دی گئی ہے جس کے ذریعہ اس نے اپنے آرام و راحت کیلئے بیشمار چیزیں ایجاد کیں حیوان وغیرہ اس سے محروم ہیں۔
10 Tafsir as-Saadi
اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے بندوں کو شیطان کی سخت عداوت اور اس کی بندوں کو گمراہ کرنے کی بے پناہ حرص کے بارے میں آگاہ فرماتا ہے، نیز اللہ تعالیٰ بیان فرماتا ہے کہ جب اس نے آدم علیہ السلام کو تخلیق کیا، تو شیطان نے تکبر کا اظہار کرتے ہوئے سجدہ کرنے سے انکار کردیا۔ ﴿ قَالَ﴾ اور نہایت تکبر سے کہا: ﴿ أَأَسْجُدُ لِمَنْ خَلَقْتَ طِينًا ﴾ ” کیا میں اس کو سجدہ کروں جس کو تو نے مٹی کا بنایا“ یعنی جس کو تو نے گارے سے پیدا کیا اور بزعم خود وہ آدم سے بہتر ہے کیونکہ اسے آگ سے پیدا کیا گیا ہے۔ گزشتہ صفحات میں متعدد پہلوؤں سے اس قیاس باطل کی خرابی بیان کی جا چکی ہے۔
11 Mufti Taqi Usmani
aur woh waqt yaad kero jab hum ney farishton say kaha tha kay Adam ko sajda kero . chunacheh unhon ney sajda kiya , lekin iblees ney nahi kiya . uss ney kaha kay : kiya mein uss ko sajda kerun jissay tu ney mitti say peda kiya hai-?
12 Tafsir Ibn Kathir
ابلیس کی قدیمی دشمنی
ابلیس کی قدیمی عداوت سے انسان کو اگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ باپ حضرت آدم (علیہ السلام) کا کھلا دشمن تھا، اس کی اولاد برابر اسی طرح تمہاری دشمن ہے، سجدے کا حکم سن کر سب فرشتوں نے تو سر جھکا دیا لیکن اس نے تکبر جتایا، اسے حقیر سمجھا اور صاف انکار کردیا کہ ناممکن ہے کہ میرا سر کسی مٹی سے بنے ہوئے کے سامنے جھکے، میں اس سے کہیں افضل ہوں، میں آگ ہوں یہ خاک ہے۔ پھر اس کی ڈھٹائی دیکھیے کہ اللہ جل و علی کے دربار میں گستاخانہ لہجے سے کہتا ہے کہ اچھا اسے اگر تو نے مجھ پر فضیلت دی تو کیا ہوا میں بھی اس کی اولاد کو برباد کر کے ہی چھوڑوں گا، سب کو اپنا تابعدار بنا لوں گا اور بہکا دوں گا، بس تھوڑے سے میرے پھندے سے چھوٹ جائیں گے باقی سب کو غارت کر دوں گا۔