تو (کتنی بد نصیبی ہے کہ) اس نے نہ (رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی باتوں کی) تصدیق کی نہ نماز پڑھی،
English Sahih:
And he [i.e., the disbeliever] had not believed, nor had he prayed.
1 Abul A'ala Maududi
مگر اُس نے نہ سچ مانا، اور نہ نماز پڑھی
2 Ahmed Raza Khan
اس نے نہ تو سچ مانا اور نہ نماز پڑھی،
3 Ahmed Ali
پھر نہ تو اس نے تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی
4 Ahsanul Bayan
اس نے نہ تو تصدیق کی نہ نماز ادا کی (١)۔
٣١۔١ یعنی اس انسان نے رسول اور قرآن کی تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی یعنی اللہ کی عبادت نہیں کی۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
تو اس (ناعاقبت) اندیش نے نہ تو (کلام خدا) کی تصدیق کی نہ نماز پڑھی
6 Muhammad Junagarhi
اس نے نہ تو تصدیق کی نہ نماز ادا کی
7 Muhammad Hussain Najafi
(اتنا کچھ سمجھانے کے باوجود اس مخصوص آدمی نے) نہ تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اس نے نہ کلام خدا کی تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی
9 Tafsir Jalalayn
تو اس (ناعاقبت اندیش نے تو کلام خدا کی) تصدیق کی نہ نماز پڑھی ترجمہ : انسان نے نہ تو تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی، لیکن اس نے قرآن کی تکذیب کی اور ایمان سے روگردانی کی (خود پسندی) سے اتراتا ہوا اپنے گھر والوں کے پاس گیا، افسوس ہے تجھ پر اس میں غیبت سے (حاضر کی طرف) التفات ہے، اور (ویل) کلمہ اسم فعل ہے اور لام تبیین کے لئے ہے یعنی جس چیز کو تو ناپسند کرتا ہے، تجھ کو پیش آنے والی ہے حسرت ہے تجھ پر، پس وہ اولی ہے تیرے لئے یعنی وہ تیرے لئے دوسروں کے اعتبار سے بہتر ہے، پھر وائے ہے تیرے لئے اور خرابی ہے تاکید ہے کیا انسان یہ سمجھتا ہے کہ اس کو بےکار چھوڑ دیا جائے گا ؟ کہ اس کو (احکام) و شرائع کا مکلف نہ بنایا جائے گا، کیا وہ منی کا نطفہ نہیں تھا جو ٹپکایا گیا تھا ؟ یاء اور تاء کے ساتھ (یعنی) رحم میں ٹپکایا گیا ہے پھر وہ منی کا قطرہ خون کا لوتھڑا ہوگیا ؟ بعد ازاں اللہ نے اس سے انسان پیدا فرمایا پھر اس کے اعضاء کو درست کیا پھر اس نطفہ منی سے جو علقہ یعنی خون کا لوتھڑا ہوگیا تھا مضغہ یعنی گوشت کا لوتھڑا ہوگیا مذکر و مؤنث کا جوڑا بنایا ؟ کبھی لڑکا لڑکی جمع ہوجاتے ہیں کبھی دونوں الگ الگ ہوتے ہیں، کیا ان چیزوں کا کرنے والا اس بات پر قادر نہیں کہ مردوں کو زندہ کرے ؟ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : ہاں ! کیوں نہیں۔ تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد قولہ : واللام للتبیین، اولی لک میں لام مفعول کی وضاحت کے لئے زائدہ ہے جو مفعول پر داخل ہے جیسا کہ سقیا …وردف لکم میں ہے۔ قولہ : ولیک ما تکرہ یہ معنی فعل کا بیان ہے یعنی جس کو تو ناپسند کرتا ہے وہ تجھ کو پیش آئے گا۔ قولہ : یمنی، بالیاء و التاء، اگر یاء کے ساتھ ہے تو مرجع منی ہوگا اور اگر تاء کے ساتھ ہو تو مرجع نطفہ ہوگا۔ تفسیر و تشریح اولی لک فاولی الخ لفظ اولی، ویل کا مقلوب ہے ” ویل “ کے معنی ہلاکت اور بربادی کے ہیں، یہاں اس شخص کیلئے جس نے کفر و تکذیب ہی کو اپنا شعار بنا رکھا ہے اور دنیا کے مال و دولت میں مست رہا ہے، پھر اسی حالت پر مرگیا اس کیلئے چار مرتبہ لفظ ہلاکت و بربادی استعمال کیا گیا ہے سب علی الترتیب ثابت ہوں گے، مرنے کے وقت، پھر قبر میں، پھر حشر میں، پھر جہنم میں۔
10 Tafsir as-Saadi
﴿فَلَا صَدَّقَ﴾ ” پس نہ اس نے تصدیق کی۔“ یعنی اللہ تعالیٰ ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، یوم آخرت اور اچھی بری تقدیر پر ایمان نہ لایا ﴿ وَلَا صَلّٰی وَلَكِنْ كَذَّبَ ﴾ اور نہ اس نے نماز ہی پڑھی بلکہ اس نے حق کی تصدیق کرنے کے بجائے تکذیب کی﴿ وَتَوَلَّى﴾ اور امر ونہی سے روگردانی کی ،یہی وہ شخص ہے جس کا دل مطمئن اور اپنے رب سے بے خوف ہے بلکہ وہ چلا جاتا ہے۔
11 Mufti Taqi Usmani
iss kay bawajood insan ney naa maana , aur naa namaz parhi ,