(جیسے) اس سے قبل لوگوں کی رہنمائی کے لئے (کتابیں اتاری گئیں) اور (اب اسی طرح) اس نے حق اور باطل میں امتیاز کرنے والا (قرآن) نازل فرمایا ہے، بیشک جو لوگ اﷲ کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں ان کے لئے سنگین عذاب ہے، اور اﷲ بڑا غالب انتقام لینے والا ہے،
English Sahih:
Before, as guidance for the people. And He revealed the Criterion [i.e., the Quran]. Indeed, those who disbelieve in the verses of Allah will have a severe punishment, and Allah is Exalted in Might, the Owner of Retribution.
1 Abul A'ala Maududi
اور اس نے وہ کسوٹی اتاری ہے (جو حق اور باطل کا فرق د کھانے والی ہے) اب جو لوگ اللہ کے فرامین کو قبول کرنے سے انکار کریں، ان کو یقیناً سخت سزا ملے گی اللہ بے پناہ طاقت کا مالک ہے اور برائی کا بدلہ دینے والا ہے
2 Ahmed Raza Khan
لوگوں کو راہ دکھاتی اور فیصلہ اتارا، بیشک وہ جو اللہ کی آیتوں سے منکر ہوئے ان کے لئے سخت عذاب ہے اور اللہ غالب بدلہ لینے والا ہے،
3 Ahmed Ali
وہ کتابیں لوگوں کے لیے راہ نما ہیں اور اسی نے فیصلہ کن چیزیں نازل فرمائیں بے شک جو لوگ الله کی آیتوں سے منکر ہوئے ان کے لیے سخت عذاب ہے اور الله تعالیٰ زبردست بدلہ دینے والا ہے
4 Ahsanul Bayan
اس سے پہلے لوگوں کو ہدایت کرنے والی بنا کر (١) اور قرآن بھی اسی نے اتارا (٢) جو لوگ اللہ تعالٰی کی آیتوں سے کفر کرتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب ہے اور اللہ تعالٰی غالب ہے، بدلہ لینے والا۔
٤۔ ١ اس سے پہلے انبیاء پر جو کتابیں نازل ہویئں یہ کتاب اس کی تصدیق کرتی ہے یعنی جو باتیں ان میں درج تھیں ان کی صداقت اور ان میں بیان کردہ پیشن گوئیوں کا اعتراف کرتی ہے جس کے صاف معنی یہ ہیں یہ قرآن کریم بھی اسی ذات کا نازل کردہ ہے جس نے پہلے بہت سی کتابیں نازل فرمائیں۔ اگر یہ کسی اور کی طرف سے یا انسانی کاوشوں کا نتیجہ ہوتا ان میں باہم مطابقت کی بجائے مخالفت ہوتی۔ ٤۔ ٢ یعنی اپنے وقت میں تورات اور انجیل بھی یقینا لوگوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ تھیں اسلئے کہ ان کے اتارنے کا مقصد ہی یہی تھا۔ تاہم اس کے بعد دوبارہ کہہ کر وضاحت فرما دی کہ اب تورات و انجیل کا دور ختم ہو گیا اب قرآن نازل ہو چکا ہے وہ فرقان ہے اور اب صرف وہی حق و باطل کی پہچان ہے اس کو سچا مانے بغیر عند اللہ کوئی مسلمان اور مومن نہیں۔
5 Fateh Muhammad Jalandhry
(یعنی) لوگوں کی ہدایت کے لیے پہلے (تورات اور انجیل اتاری) اور (پھر قرآن جو حق اور باطل کو) الگ الگ کر دینے والا (ہے) نازل کیا جو لوگ خدا کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں ان کو سخت عذاب ہوگا اور خدا زبردست (اور) بدلہ لینے والا ہے
6 Muhammad Junagarhi
اس سے پہلے، لوگوں کو ہدایت کرنے والی بنا کر، اور قرآن بھی اسی نے اتارا، جو لوگ اللہ تعالیٰ کی آیتوں سے کفر کرتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب ہے اور اللہ تعالیٰ غالب ہے، بدلہ لینے واﻻ ہے
7 Muhammad Hussain Najafi
اور اسی نے اس سے پہلے لوگوں کی ہدایت کے لئے تورات و انجیل نازل کی۔ اور (حق و باطل کا) فیصلہ کن کلام نازل کیا۔ بلاشبہ جو لوگ آیاتِ الٰہی کا انکار کرتے ہیں۔ ان کے لیے بڑا سخت عذاب ہے۔ خدا زبردست ہے (اور برائی کا) بدلہ لینے والا ہے۔
8 Syed Zeeshan Haitemer Jawadi
اس سے پہلے لوگوں کے لئے ہدایت بنا کر اور حق و باطل میں فرق کرنے والی کتاب بھی نازل کی ہے بیشک جو لوگ آیااُ الٰہی کا انکار کرتے ہیں ان کے واسطے شدید عذاب ہے اور خدا سخت انتقام لینے والا ہے
9 Tafsir Jalalayn
(یعنی) لوگوں کی ہدایت کے لئے (تورات اور انجیل اتاری) اور پھر (قرآن جو حق اور باطل کو (الگ الگ کردینے والا (ہے) نازل کیا، جو لوگ خدا کی آیتوں سے انکار کرتے ہیں ان کو سخت عذاب ہوگا، اور خدا زبردست (اور بدلہ) لینے والا ہے مَنْ قَبْلُ ھُدًی لِّلنَّاسِ ، یعنی اپنے اپنے وقت میں تورات اور انجیل بھی یقیناً لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ تھیں وَاَنْزَلَ الفرقان، کو ددوبارہ لاکر اشارہ کردیا کہ مگر اب تورات اور انجیل کا دور ختم ہوگیا اب قرآن نازل ہوچکا ہے اب وہی فرقان حق و باطل کی پہچان ہے ھُوَ الَّذِیْ اَنْزَلَ عَلَیْکَ الْکِتَابَ مِنْہُ اٰیَاتٌ مُحْکَمَاتٌ، (الآیۃ) محکمات سے مراد وہ آیات ہیں جن میں اوامرو نواہی، احکام و مسائل اور قصص و حکایات ہیں جن کا مفہوم واضح اور اٹل ہے اور ان کے سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس آیات متشابہات ہیں مثلاً اللہ کی ہستی، قضا و قدر کے مسائل، جنت و دوزخ، ملائکہ وغیرہ یعنی ماوراء العقل حقائق جن کی حقیقت سمجھنے سے عقل انسانی قاصر ہو یا ان میں ایسی تاویل کی گنجائش ہو یا کم از کم ایسا ابہام ہو جس سے عوام کو گمراہی میں ڈالنا ممکن ہو، اس لیے آگے کہا جا رہا ہے جن کے دلوں میں کجی ہوتی ہے وہ آیات متشابہات کے پیچھے پڑے رہتے ہیں اور ان کے ذریعہ فتنہ برپا کرتے ہیں جیسے عیسائی ہیں، قرآن نے حضرت عیسیٰ کو عبد اللہ اور نبی کہا ہے یہ واضح اور محکم بات ہے لیکن عیسائی اسے چھوڑ کر قرآن کریم میں حضرت عیسیٰ کو روح اللہ اور کلمۃ اللہ جو کہا گیا ہے اس سے اپنے گمراہ کن عقائد پر غلط استدلال کرتے ہیں یہی حال اہل بدعت کا ہے قرآن کے واضح عقائد کے برعکس اہل بدعت نے جو غلط عقائد گھڑے ہیں، وہ ان ہی متشابہات کو بنیاد بناتے ہیں۔ وَمَا یَعْلَمُ تَاْوِیْلَہٗ اِلاَّ اللہُ ، ” تاویل “ کے ایک معنی تو ہیں کسی چیز کی اصل حقیقت جاننا اس معنی کے اعتبار سے ” الا اللہ “ پر وقف ضروری ہے کیونکہ ہر چیز کی اصل حقیقت صرف اللہ ہی جانتے ہیں اور ” تاویل “ کے دوسرے معنیٰ میں کسی چیز کی تفسیر اور تعبیر وبیان و توضیح، اس اعتبار سے وقف الا کے بجائے والراسخون فی العلم پر بھی کیا جاسکتا ہے کیونکہ راسخین فی العلم بھی صحیح تفسیر و توضیح کا علم رکھتے ہیں تاویل کے یہ دونوں معنیٰ قرآن کریم کے استعمال سے ثابت ہیں۔ (ملخص از تفسیر ابن کثیر)
10 Tafsir as-Saadi
﴿مِن قَبْلُ﴾” اس قرآن کو نازل کرنے سے پہلے“﴿ هُدًى لِّلنَّاسِ﴾لوگوں کو ہدایت کرنے والی بنا کر“ ہدایت کی صفت ان تمام کے لئے ہے یعنی اللہ نے قرآن، تورات اور انجیل کو لوگوں کو گمراہی سے بچانے کے لئے رہنما بنا کرنازل کیا تھا۔ جس نے اللہ کی یہ ہدایت قبول کرلی، وہ ہدایت یافتہ ہوا اور جس نے قبول نہ کیا وہ گمراہ رہا۔ ﴿ وَأَنزَلَ الْفُرْقَانَ﴾” اور اس نے فرقان کو نازل کیا۔“ یعنی دلائل و براہین قاطعہ، جن سے تمام مقاصد و مطالب پایہ ثبوت کو پہنچ جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس نے مخلوق کی ضرورت کے مطابق تفصیل و تفسیر بیان کی ہے۔ جس سے احکام و مسائل نہایت واضح ہوگئے ہیں۔ لہٰذا کسی کے لئے کوئی عذر باقی نہیں رہا اور اس پر ایمان نہ لانے والے کسی شخص کے پاس کوئی حجت و دلیل باقی نہیں رہی۔ اس لئے فرمایا : ﴿إِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا بِآيَاتِ اللَّـهِ﴾” جو لوگ اللہ کی آیتوں سے کفر کرتے ہیں“ حالانکہ اللہ نے انہیں خوب واضح فرما دیا اور تمام شبہات کو دور فرما دیا ہے۔﴿ لَهُمْ عَذَابٌ شَدِيدٌ﴾” ان کے لئے سخت عذاب ہے۔“ جس کی شدت کا اندازہ کرنا ممکن نہیں اور جس کی حقیقت و کیفیت معلوم نہیں ہوسکتی۔ ﴿وَاللَّـهُ عَزِيزٌ﴾” اللہ غالب ہے“ اس پر کوئی غالب نہیں آسکتا اور﴿ذُو انتِقَامٍ ﴾ جو اس کی نافرمانی کرے اس سے ” بدلہ لینے والا ہے۔‘‘
11 Mufti Taqi Usmani
jo iss say pehlay logon kay liye mujassam hidayat ban ker aai then , aur ussi ney haq o batil ko parakhney ka mayaar nazil kiya . . beyshak jinn logon ney Allah ki aayaton ka inkar kiya hai unn kay liye sakht azab hai , aur Allah zabardast iqtidar ka malik aur burai ka badla denay wala hai .